ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل آوری کیلئے شعور بیداری مہم

   

جرمانوں کے بجائے رقم کے تحفظ کا مشورہ ، کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش مرلی دھر بھگوت

حیدرآباد /20 ستمبر ( سیاست نیوز ) ٹریفک قوانین پر صد فیصد عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے رچہ کنڈہ پولیس نے عوامی شعور بیداری مہم کا آغاز کیا ہے ۔ ٹریفک جرمانوں کے بجائے اس رقم سے حفاظتی اقدامات کو اہمیت دینے کیلئے عوام کے حق میں عوام کیلئے مہم چلائی جارہی ہے ۔ آج اس سلسلہ میں کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے ملکاجگیری ڈیویژن کا دورہ کیا اور ای سی آئی ایل چوراہے پر مہم میں حصہ لیا اور کہا کہ عوام کی بھلائی اور عوام کے حق میں رچہ کنڈہ پولیس اس مہم کو چلا رہی ہے تاکہ بھاری جرمانوں سے بچنے کے ساتھ ساتھ عوام اپنے لئے خود حفاظتی اقدامات کرسکیں ۔ انہوں نے بتایا کہ رچہ کنڈہ حدود میں ہیلمٹ کے صد فیصد استعمال کو لازمی طور پر یقینی بنانا اصل مقصد ہے ۔ اس کے علاوہ عوامی شعور بیداری مہم میں 4 نکات پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ان میں موٹر سائیکل کیلئے ہیلمٹ پولیوشن ، سب سے اہم انشورنس اور لائیسنس اگر کسی شہری کے پاس ان میں سے کوئی چیز نہیں پائی جاتی ہے تو پولیس اس مہم کے دوران اس کے حصول میں مدد کرے گی ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ رچہ کنڈہ پولیس نے تاحال تین سو سے زائد شہریوں کو واجبی قیمت پر ہیلمٹ دلائی ہے ۔ چونکہ بغیر ہیلمٹ کے جرمانے سے کم قیمت رقم میں ہیلمٹ کو مارکیٹ میں دستیابی یقینی ہے ۔ لہذا اس طرح پولیویشن اور لائیسنس و انشورنس کیلئے بھی پولیس مدد کرے گی اور عوام کو اس بات کے تعلق سے شعور بیدار کیا جارہا ہے یہ چار چیزیں ان کے تحفظ کیلئے بہت زیادہ ضروری ہے ۔ اس موقع پر ٹریفک پولیس کے اعلی عہدیدار موجود تھے ۔