حیدرآباد، سائبرآباد اور راچہ کنڈہ حدود کے سال 2021 کے اعداد و شمار کی اجرائی
حیدرآباد۔/8 جنوری، ( سیاست نیوز) شہر میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل آوری اور جرمانوں کے باوجود خلاف ورزی کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ تشویش کا سبب بنا ہوا ہے۔ شہر میں گاڑی چلانے والے شہریوں کی جانب سے ٹریفک قوانین پر عمل آوری کے تعلق سے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں میں موٹر سیکل چلانے والوں کی اکثریت پائی جاتی ہے۔ گریٹر حیدرآباد پر مشتمل تینوں کمشنریٹس میں گذشتہ سال موٹر سیکل رانوں کے خلاف70 لاکھ 3,012 مقدمات درج کئے گئے جن میں ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف درج مقدمات کی تعداد 53 ہزار سے زائد ہے۔ راچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ حدود میں سب سے زائد15.33 لاکھ مقدمات درج ہوئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنے کے سبب پیش آئے حادثات میں 356 شہری ہلاک ہوگئے جبکہ نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف 25,953 مقدمات درج کئے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی میں رانگ روڈ ڈرائیونگ کا بڑھتا رجحان خطرناک نتائج کا سبب بن رہا ہے۔ شہریوں میں شعور بیداری اور توجہ دہانی کے باوجود ایسے واقعات میں اضافہ بے چینی کا سبب بنا ہوا ہے۔ گزشتہ سال تینوں کمشنریٹس میں 70 لاکھ سے زائد مقدمات درج کئے گئے جبکہ سال 2020 میں یہ تعداد 58.58 لاکھ تھی۔ ع