کوکہ پیٹ اور نارسنگی میں دو اہم پراجکٹس پر ایچ ایم ڈی اے کے کام جاری
حیدرآباد 9 جنوری (سیاست نیوز) چونکہ شہر پھیلنے کے ساتھ کوکہ پیٹ اور نارسنگی اور اس کے قریبی علاقوں میں شہری گہما گہمی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور یہ علاقے جو کبھی گہما گہمی سے عاری ہوا کرتے تھے، اب شہری علاقوں میں تبدیل ہوگئے ہیں اور وہاں شہر کا ماحول پیدا ہوگیا اور اس کے ساتھ ساتھ ٹریفک کے مسائل بھی پیدا ہوگئے ہیں۔ اسی لئے حکومت ان علاقوں کی ترقی کے لئے ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔ چنانچہ اس سلسلہ میں ٹریفک ہجوم کو کم کرنے اور ٹریفک کے آسان بہاؤ کو یقینی بنانے کے لئے کوکہ پیٹ اور نارسنگی میں ترنما انٹرچینجس کی تعمیر کی جارہی ہے۔ یہ دو اہم پراجکٹس 65.5 کروڑ روپئے لاگت سے حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ایچ ایم ڈی اے) کی جانب سے تعمیر کئے جارہے ہیں اور ان کے کام تیزی سے جاری ہیں۔ ایچ ایم ڈی اے کے عہدیداروں کے مطابق ان دو پراجکٹس سے کوکہ پیٹ، نارسنگی اور اطراف کے علاقوں میں ٹریفک ہجوم میں کمی ہوگی۔ کوکہ پیٹ میں نیو پولس لے آؤٹ پر تُرنما انٹر چینج کی تعمیر سے نیو پولس لے آؤٹ، مووی ٹاورس اور کوکہ پیٹ کے علاقوں سے گچی باؤلی کی طرف جانے والوں کے لئے بہتر رابطہ یقینی ہوگا۔ اس سہولت کے شروع ہوجانے پر اس علاقہ کے لوگوں کو گچی باؤلی پہنچنے کے لئے آؤٹر رنگ روڈ کے ایک بڑے حصہ پر سفر کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی، اس سے بچا جاسکتا ہے۔ یہ انٹر چینج کوکہ پیٹ لے آؤٹ کو نارسنگی، پٹن چیرو اور شمس آباد سے بھی مربوط کرے گا۔ ان مقامات کو جانے والے ٹریفک کی سہولت اور آسانی کے لئے اس پراجکٹ کے حصہ کے طور پر چار ریمپس (دو اپ اور دو ڈاؤن) تعمیر کئے جارہے ہیں۔ نارسنگی میں انٹر چینج کی تعمیر شمس آباد کی سمت جانے اور شمس آباد سے آنے والی ٹریفک میں آسانی اور سہولت کے لئے کی جارہی ہے۔ جب یہ دو سہولتیں عوام کے لئے دستیاب ہوجائیں گی تو کوکہ پیٹ اور نارسنگی سے گچی باؤلی پہنچنے والی ٹریفک کو نارسنگی روٹری 2 اور روٹری 1 کو براہ نارسنگی پولیس اسٹیشن عبور کرتے ہوئے روایتی روٹ کا استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ایچ ایم ڈی اے کے انجینئرس نے کہاکہ دونوں پراجکٹس کو چھ ماہ میں مکمل کرنے کا پروگرام ہے۔ فی الوقت کوکہ پیٹ اور نارسنگی سے گچی باؤلی جانے والی سڑکوں پر کافی ٹریفک ہجوم دیکھا جارہا ہے کیوں کہ اس علاقہ میں آئی ٹی کمپنیوں اور اونچی عمارتوں کی بہتات ہوگئی ہے۔ اس کے رابطہ میں مزید بہتری کے لئے حیدرآباد گروتھ کاریڈر لمیٹیڈ کی جانب سے گچی باؤلی تا تلنگانہ اسٹیٹ پولیس اکیڈیمی اور نارسنگی تا کلور سڑک کو بھی کشادہ کیا جارہا ہے۔