ٹریفک مسائل سے نمٹنے جی ایچ ایم سی کا جامع منصوبہ

   

بلدی عہدیداروں کے ساتھ وزیر کے ٹی راما راؤ کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 2 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے شہر میں ٹریفک مسائل کی یکسوئی کے لیے جامع منصوبہ بنایا ہے ۔ اس خصوص میں سلسلہ وار اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ شہر میں ٹریفک کو بہتر بنانے کے لیے نئی اور موجودہ سڑکوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ ایسے راستوں کی نشاندہی کی جائے گی جہاں سے ٹریفک کو گذارتے ہوئے ٹریفک جام کے مسئلہ کو حل کرلیا جائے ۔ جن علاقوں میں ٹریفک کی وجہ سے مسائل پیدا ہوتے ہیں یہاں متبادل راستے بنائے جائیں گے ۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے میونسپل اور ٹاون پلاننگ آفیسرس کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ اجلاس میں حیدرآباد کی رئیل اسٹیٹ صنعت سے وابستہ اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ذیلی سڑکیں بنانے کے عمل میں تیزی پیدا کریں اور شہر میں ٹریفک بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے سڑکوں کو دیگر راستوں سے جوڑنے کے لیے اقدامات کئے جائیں ۔ جی ایچ ایم سی ٹاون پلاننگ اور رئیل اسٹیٹ کی صنعت کے نمائندوں نے وزیر کے ٹی راما راؤ کو ایک تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی ہے ۔ حتمی طور پر عہدیداروں کی جانب سے ایک اسٹراٹچک منصوبہ بنایا جائے گا ۔ قبل ازیں جی ایچ ایم سی نے شہریوں سے تجاویز طلب کی تھیں تاکہ ٹریفک کو بہتر بنایا جاسکے ۔ جی ایچ ایم سی کو زائد از 300 تجاویز ملی ہیں ۔۔