ٹریفک مسائل کو حل کرنے حیدرآباد سٹی انوویٹیو اینڈ ٹرانسفارمیٹیو انفرااسٹرکچر پراجکٹ میں تیزی

   

حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر وی سی سجنار کا مگداجنکشن پر تعمیراتی کام کا جائزہ، سگنل فری جنکشن کی تعمیر
حیدرآباد۔ 27 فروری (سیاست نیوز) شہر میں مستقبل کی ٹریفک کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے شروع کیے گئے ‘حیدرآباد سٹی انوویٹیو اینڈ ٹرانسفارمیٹیو انفراسٹرکچر (ایچ۔سٹی آئی) پروجیکٹ کے کاموں کو تیز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پولیس کمشنر حیدرآباد وی سی سجنارنے جمعہ کو بنجارہ ہلز روڈ نمبر 2 پر مگدا جنکشن پر جاری اسٹیل فلائی اوور کی تعمیر کا معائنہ کیا۔ انہوں نے سینئر پولیس افسران، جی ایچ ایم سی اور میگھا انجینئرنگ کے نمائندوں کے ساتھ مل کر جائزہ لیا۔ اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ شہر میں سگنل فری روڈ نیٹ ورک قائم کرنے کے مقصد سے یہ کام کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے دو سالوں میں کے بی آر پارک کے اطراف و اکنافسگنل فری ٹریفک بہاؤ کے لیے مجموعی طور پر 7 فلائی اوورز اور انڈر پاسیز تعمیر کیے جائیں گے۔ یہ تعمیرات جی ایچ ایم سی، ریاستی حکومت اور پولیس محکمہ کے ہم آہنگی سے مرحلہ وار اور منصوبہ بندی کے ساتھ کی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو کم سے کم پریشانی ہو۔ مگدا جنکشن سے کے بی آر پارک کی جانب روٹ پر 6 ستونوں کی بنیاد کا کام جمعہ کی رات سے ہی شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ٹریفک کی پریشانی سے بچنے کے لیے کام رات کے اوقات میں تیزی سے کئے جائیں گے۔ بنیاد کا کام مکمل ہونے تک سڑک پر معمولی رکاوٹیں ہوں گی، اس کے بعد گاڑیوں کی آمدورفت معمول کے مطابق ہو جائے گی۔ کمشنر نے یقین دلایا کہ اس پراجیکٹ کی تکمیل پر کے بی آر پارک کے آس پاس کے علاقے مکمل طور پر سگنل فری جنکشنز بن جائیں گے جس سے شہر کے وسطی، مشرقی اور مغربی حصوں تک تیز اور بہتر رسائی ممکن ہو گی۔ تعمیراتی کاموں کی وجہ سے متعلقہ روٹس پر ٹریفک پابندیاں عائد کی جائیں گی، اس لیے ڈرائیورس کو اپنے سفر کا وقت پہلے سے طے کر لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ٹریفک جام سے بچنے کیلئے عوامی ٹرانسپورٹ کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ کام شروع ہونے سے پہلے دو تین دنوں کی صورتحال کا جائزہ لے کر روٹ میں ضروری تبدیلیاں کی جائیں گی اور وقتاً فوقتاً نئی ٹریفک ایڈوائزری جاری کی جائی گی۔ شہر کی مجموعی ترقی کے لیے یہ کام ہیں، عوام اور ڈرائیورس سے افسران کے ساتھ مکمل تعاون کی اپیل کی گئی۔ب