ٹریفک پوسٹ پر چڑھ کر خود کشی کی ناکام کوشش

   


مصروف پنجہ گٹہ جنکشن پر واقعہ ۔ ٹریفک کی آمد و رفت میں خلل
حیدرآباد۔ شہر کے مصروف پنجہ گٹہ جنکشن کے قریب آج اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک شخص نے جو ذہنی معذور بتایا گیا ہے سڑک کے درمیان میں رکھے ٹریفک پوسٹ پر چڑھ کر پھانسی لینے کی کوشش کی۔اس نے رسی کو فلائی اوور سے باندھ کر پھانسی لینے کی کوشش کی۔ اچانک ایسی کوشش پر راہگیروں کا ہجوم جمع ہوگیا جنہوں نے ٹریفک پولیس کے ساتھ اس کونیچے اتارنے کوششیں شروع کردیں۔ بعض افراد نے چیخ وپکار بھی شروع کردی تاکہ وہ یہ سن کر نیچے اتر آئے تاہم اس نے پھانسی لینے میں ناکامی اور بعض راہگیروں کے ٹریفک پوسٹ پر آنے کی کوشش پر آرٹی سی بس پر چھلانگ لگادی جس کے بعد بعض نوجوانوں نے بس پر چڑھ کر اس پرقابو پایا اور اس کو نیچے اتارلیاگیا۔اس واقعہ میں اسے کوئی گزند نہیں پہنچی۔اس شخص کی شناخت ظہیرآباد کے راجو کے بطور کی گئی جو ڈرائیور ہے اور تیلاپور کمشنر دفتر سے منسلک ہے ۔اس کا چندانگر میں علاج جاری تھا تاہم نمس کو منتقلی کے دوران یہ فرار ہوگیا تھا ۔ بعد ازاں اس کو اس کے خاندان کے حوالے کردیاگیا۔افراد خاندان نے کہا کہ اس نے اس طرح کی حرکت پہلی مرتبہ نہیں کی ۔ہائی بلڈ پریشر کی شکایت پر اس کا علاج کیاجارہا تھا۔اس واقعہ پر پنجہ گٹہ میں کچھ دیر ٹریفک رک گئی۔ بعض افراد نے اس واقعہ کی ویڈیو بنائی جو سوشیل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہوگئی اور بڑی تعداد میں لوگوں نے اس کو شئیر کیا۔