قواعد کی خلاف ورزی پر ہی چالانات ، اڈیشنل کمشنر ٹریفک کا پروگرام سے خطاب
حیدرآباد /20 نومبر ( سیاست نیوز ) حیدرآباد ٹریفک پولیس کا مقصد عوام پر جرمانہ عائد کرنا نہیں ہے ۔ بلکہ عوام کی سلامتی اور حفاظت اہم مقصد ہے ۔ جس کے تحت عوام کو ذمہ دار بنانے کیلئے اور ٹریفک قوانین پر عمل آوری کیلئے جرمانہ عائد کئے جاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل کمشنر ٹریفک پولیس حیدرآباد وشوا پرساد نے کیا ۔ انہوں نے آج یہاں پرانے شہر میں منعقدہ ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں پولیس ملازمین اور ان کے بچوں میں ہیلمٹ کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ ایڈیشنل کمشنر ٹریفک نے کہا کہ حیدرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے ہر ماہ کسی نہ کسی موقع پر خصوصی مہم چلائی جاتی ہے اور نومبر کے مہینے میں ٹریفک پولیس کی جانب سے بغیر ہیلمٹ اور رانگ روٹ گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بغیر ہیلمٹ گاڑی چلانے کے علاوہ رانگ روٹ میں گاڑی چلانے کے سبب حادثات میں پیش آرہے ہیں اور ان میں اموات بھی واقع ہو رہے ہیں ۔ ایڈیشنل کمشنر ٹریفک نے کہا کہ لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والے شہری خود بھی نقصان کے علاوہ دیگر شہریوں کیلئے بھی مسئلہ بن رہے ہیں۔ ایسے واقعات کو روکنے کیلئے سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اکثر شہری معیاری ہیلمٹ کا استعمال نہیں کرتے جس کے سبب حادثہ میں نقصان ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہیلمٹ کو لازمی طور پر استعمال کرنا چاہئے ۔ ایڈیشنل کمشنر ٹریفک نے سائیکلوجی اور سماجی دانشوروں کے مفید مشوروں کا ذکر کیا اور بتایا کہ اگر شہری مسلسل 21 دن تک کسی چیز کا استعمال کرے جو اسے پسند نہ بھی ہوتو 22 ویں دن وہ اس کا عادی بن جاتا ہے اور ٹریفک پولیس ہیلمٹ کے استعمال کیلئے اس فارمولہ پر عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے ہیلمٹ کے استعمال کی درخواست کی ۔ ع