حیدرآباد۔یکم مارچ، ( سیاست نیوز) ٹریفک چالانات میں رعایت دینے کے اعلان کے پہلے دن حکومت کے خزانہ میں پانچ لاکھ چالانات کی ادائیگی سے ساڑھے پانچ کروڑ روپئے جمع ہوئے۔ یکم مارچ سے 31 مارچ تک اس اسکیم کے جاری رہنے کے اعلان کے پہلے ہی دن عوام نے رعایت کا بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے ای ۔ چالان ویب سائیٹ کا استعمال کیا جس کے نتیجہ میں صبح سے لے کر دو پہر تک ویب سائیٹ کا سروور متاثر ہوگیا۔ ایک منٹ میں 700 چالانات کی ادائیگی کا سسٹم قائم کیا گیا تھا اور اس ویب سائیٹ کے ذریعہ سینکڑوں افراد کے لاگ ان کرنے پر ابتدائی اوقات میں ویب سائیٹ کافی دشواریوں کا شکار ہوگئی اور عوام چالانات کی ادائیگی کیلئے مسلسل کوشش کرتے رہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ای ۔ چالان کے ذریعہ پہلے دن 3 کروڑ روپئے سرکاری خزانہ میں جمع ہونے کا نشانہ رکھا گیا تھا لیکن توقع سے زیادہ عوام نے اسکیم کا فائدہ اٹھانے کیلئے فوری طور پر چالانات کی ادائیگی میں پیشرفت دکھائی جس کے نتیجہ میں ایک دن میں ساڑھے پانچ کروڑ روپئے سرکاری خزانہ میں جمع ہوئے۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ دنوں میں بھی عوام اسکیم سے استفادہ کرتے ہوئے چالانات کی ادائیگی کریں گے۔ پولیس عہدیداروں نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ رعایت کے ذریعہ چالانات کی ادائیگی اسکیم سے 31 مارچ تک بھرپور استفادہ کریں۔ب