ٹریفک چالان کی ادائیگی، تاریخ میں15فروری تک توسیع

   

حیدرآباد۔ 31 جنوری (سیاست نیوز) ٹریفک چالانات پر رعایت کی تاریخ میں پھر توسیع کی گئی ہے۔ آج اس سلسلہ میں احکامات جاری کردیئے گئے جس کے مطابق 15 فروری تک جرمانے ادا کئے جاسکتے ہیں۔ 31 جنوری آخری تاریخ تھی تاہم حکومت نے شہریوں کی سہولت کے لئے پھر توسیع کا فیصلہ کیا ۔ 26 ڈسمبر سے شروع کی گئی اس اسکیم میں پہلے 10 فروری تک رعایت دی گئی تھی جس کے بعد 31 جنوری تک توسیع کی گئی جس میں اب مزید دو ہفتوں کی توسیع کرتے ہوئے 15 فروری تک مہلت دی گئی ہے۔ حکومت نے ٹو وہیلرس پر 80 فیصد، تین اور چار پہیوں والی گاڑیوں پر 60 فیصد، لاریوں پر 50 فیصد اور آر ٹی سی بس ڈرائیوس کے لئے 90 فیصد رعایت دیتے ہوئے احکامات جاری کئے تھے۔ ریاست بھر میں 3.59 کروڑ ٹریفک چالانات زیر التواء تھے اور ان میں ایک کروڑ 52 لاکھ 47 ہزار 864 چالانات کو ادا کردیا گیا ہے جس کے ذریعہ حکومت کو 135 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل ہوئی ہے۔ ع