ٹریفک چالان کی ادائیگی کے نقلی ویب سائٹ سے عوام کو چوکسی کا مشورہ:پولیس

   

حیدرآباد۔ 2 جنوری (سیاست نیوز) ریاست میں سائبر دھوکہ بازوں کے خلاف جاری سخت کارروائیوں کے باوجود سائبر دھوکہ بازوں کے حوصلہ بلند دکھائی دے رہے ہیں۔ ایسا ظاہر ہو رہا ہے کہ سائبر دھوکہ باز عوام کو ٹھگنے کا کوئی موقع بھی نہیں گنوانا چاہتے اور عوامی دلچسپی اور سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہوتے ہیں۔ حالانکہ تلنگانہ پولیس کی سخت چوکسی اور مثالی اقدامات کے باوجود سائبر دھوکہ باز اپنی کوششوں میں کامیاب ہوتے جارہے ہیں۔ اب وہ سرکاری وئب سائٹ کی نقل کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ ٹریفک چالانات کی ادائیگی میں بھاری رعایت کے اعلان کے بعد آن لائن ادائیگی اور ویب سائٹ کی سہولت کا سائبر دھوکہ باز فائدہ اٹھانے لگے ہیں۔ نقلی ویب سائٹ کے ذریعہ عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ اس حرکت کے بعد پولیس نے چوکسی اختیار کرلی ہے اور عوام کو چوکنہ کردیا ہے کہ وہ چالانات کی ادائیگی میں احتیاط سے کام لیں۔ سائبر دھوکہ بازوں نے ایک نقلی ویب سائٹ تیار کرلی ہے اور جیسے ہی کوئی شہری گوگل پر سرچ کرے گا تو اس نقلی ویب سائٹ کے ذریعہ دھوکہ دہی کا شکار بنایا جاسکتا ہے ۔ سٹی پولیس کے مطابق سائبر دھوکہ بازوں نے نقلی ویب سائٹ www.echallantspolice.in (http://www.echallantspolice.in) کے نام سے تیار کی ہے اور سٹی پولیس نے اس ویب سائٹ کے ذریعہ ادائیگی نہ کرنیکی عوام کو تاکید کی ہے۔ سٹی پولیس نے www.echallan.tspolice.gov.in/publicview (http://www.echallan.tspolice.gov.in/publicview) کے ذریعہ ادائیگی کا مشورہ دیا ہے۔ اس کے علاوہ پے ٹی ایم‘ می سیوا سنٹرس کے ذریعہ پینڈنگ چالانات کی ادائیگی عمل میں لانے کا مشورہ دیا ہے۔ پینڈنگ چالانات کی ادائیگی کا موقع 10 جنوری تک رہے گا۔ پولیس نے عوام سے گذارش کی ہے کہ وہ نقلی ویب سائٹ کے ذریعہ دھوکہ کا شکار نہ بنیں۔ ع