کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ کی صورت میں والدین پر مقدمہ، منشیات کے خلاف سخت مہم، یوسف گوڑہ اسٹیڈیم میں آرائیو الائیو پروگرام
حیدرآباد 12 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ٹریفک چالان کی صورت میں چالان کی رقم گاڑی کے مالک کے بینک اکاؤنٹ سے فوری طور پر منہا کرنے کی تجویز پیش کی۔ چیف منسٹر نے آج یوسف گوڑہ اسٹیڈیم میں حادثات کی روک تھام اور روڈ سیفٹی سے متعلق شعور بیداری پروگرام Arrive Alive کا افتتاح کیا۔ چیف منسٹر نے ملک میں حادثات میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ہر منٹ میں ایک ٹریفک حادثہ اور ہر 3 منٹ میں کسی نہ کسی کی موت واقع ہورہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ نوجوانوں کو والدین کی جانب سے گاڑیوں کی فراہمی، ڈرنک اینڈ ڈرائیو زیادہ تر حادثات کی وجوہات ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کم عمری میں بچوں کو گاڑیاں حوالہ نہ کی جائیں اور نوجوانوں میں ڈرنک اینڈ ڈرائیو کے خلاف شعور بیداری مہم چلائی جائے۔ چیف منسٹر نے ٹریفک قواعد پر سختی سے عمل آوری کے لئے پولیس پر ذمہ داری عائد کی اور کہاکہ خلاف ورزی کے ذمہ داروں پر سخت کارروائی کی جائے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ٹریفک قواعد پر عمل آوری کے ذریعہ ہی حادثات کو روکا جاسکتا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ خلاف ورزی کے مطابق جرمانے عائد کئے جاتے ہیں لیکن ڈسکاؤنٹ کے ذریعہ حادثات کو کم کرنے کی سوچ ایک اہم مسئلہ ہے۔ حکومت نے آئندہ ٹریفک چالانات پر کوئی ڈسکاؤنٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اُنھوں نے تجویز پیش کی کہ ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں گاڑی کے مالک کے بینک اکاؤنٹ سے جرمانے کی رقم ازخود منہا کردی جائے، اِس کے لئے گاڑی کے رجسٹریشن کے وقت مالک کے بینک اکاؤنٹ کو رجسٹریشن ڈاکومنٹ سے مربوط کیا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ اگر حادثات کے لئے کم عمر نوجوان ذمہ دار پائے جائیں تو اُن کے والدین کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے حادثات میں کمی کے لئے پولیس کی جانب سے اقدامات کی ستائش کی اور کہاکہ نوجوانوں میں شعور بیداری اہمیت کی حامل ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت نے سائبر جرائم کی روک تھام پر توجہ مرکوز کی ہے۔ نوجوانوں کو ڈرگس سے محفوظ رکھنے اور منشیات کے چلن کو روکنے کے لئے حکومت نے خصوصی ایگل فورس قائم کیا ہے۔ ڈرگس اور گانجہ پر قابو پانے کے سلسلہ میں دنیا بھر میں تلنگانہ پولیس کی ستائش کی جارہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تالابوں، کنٹے اور نالوں کے تحفظ کے لئے حیڈرا تشکیل دیا گیا اور اُس نے کئی اہم تالابوں کا تحفظ کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ٹریفک سسٹم کو عصری بنانے کے لئے حکومت اقدامات کرے گی۔ سائبر کرائم، ڈرگس اور قتل جیسے جرائم سے زیادہ خطرناک ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی ہے۔ اِس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر، ڈائرکٹر جنرل پولیس شیودھر ریڈی، کمشنر پولیس وی سی سجنار، معتمد داخلہ سی وی آنند، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، رکن اسمبلی راج ٹھاکر اور دوسرے موجود تھے۔1