اپل تا ورنگل روٹ پر جائیداد مالکین میں مئیر نے چیکس تقسیم کئے
حیدرآباد 5 ستمبر ( این ایس ایس ) شہر میں حمل و نقل کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے سڑکوں کی توسیع اور اس کیلئے اراضیات کے حصول کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے ۔ اراضیات کے حصول کے ذریعہ اپل روڈ سے ورنگل روٹ کی سمت فلائی اوور تعمیر کرنے کا بھی منصوبہ زیر غور ہے ۔ مئیر حیدرآباد بی رام موہن نے بتایا کہ اس ایلیویٹیڈ کاریڈار پر 150 فیٹ چوڑی سڑک کی تعمیر کی تجویز بھی زیر غور ہے تاکہ سگنل سے پاک سفر کے نظام کو ایس آر ڈی پی پراجیکٹس کے تحت یقینی بنایا جاسکے ۔ مئیر بی رام موہن اور رکن اسمبلی سبھاش ریڈی نے سڑک کی توسیع میں آنے والی جائیدادوں کے مالکین کو آج جملہ 17 کروڑ روپئے کے چیکس تقسیم کئے ۔ اس کے علاوہ اس کام کیلئے پہلے ہی 31 کروڑ روپئے کے چیکس حوالے کئے جاچکے ہیں۔ مئیر حیدرآباد نے کہا کہ اس پراجیکٹ کیلئے 257 جائیدادیں حاصل کی جانی ہیں جن میں اب تک 84 جائیدادیں حاصل کی گئی ہیں اور ان میں صرف 33 کو منہدم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جملہ سات مذہبی مقامات اور چھ سرکاری جائیدادیں بھی سڑک کی توسیع کی زد میں آ رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک کے بہاو کو سہل بنانے کیلئے علی کیفے عنبر پیٹ سے اپل میٹرو اسٹیشن تک دریائے موسی کے ساتھ سڑک کی تعمیر کا بھی منصوبہ ہے ۔ رکن اسمبلی سبھاش ریڈی نے کہا کہ اپل حلقہ میں زبردست ترقیاتی سرگرمیاں چل رہی ہیں۔ انہوں نے اپل حلقہ میں سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی بجٹ فراہم کرنے کی خواہش کی ۔