ٹریلر: دھرندھر 2 لیاری میں تباہی کے مناظر سے بھرپور

   

ممبئی ، 7 مارچ (ایجنسیز) کراچی کے علاقہ لیاری کی گینگ وار پر بنائی گئی بالی ووڈ فلم ’دھرندھر 2: دی ریوینج‘ کا ٹریلر آج جاری کردیا گیا جس میں رنویر سنگھ کی بھرپور ایکشن کے ساتھ واپسی ہوئی ہے۔ آدتیہ دھر کی ہدایت کاری والی فلم کے اسکرپٹ رائٹر اور پروڈیوسر بھی وہ خود ہی ہیں جسے ہندی، تامل، تلگو، ملیالم اور کنڑ سمیت 5 زبانوں میں ریلیز کیا جائے گا جو 19 مارچ کو عید الفطر کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔ دھرندھر کے پہلے حصے کی زبردست کامیابی کے بعد شائقین اس فلم کے ٹریلر کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔ فلم کا پوسٹر کو دیکھ کر اندازہ ہو جاتا ہے کہ مداحوں کو ایک سنسنی خیز سفر دیکھنے کو ملنے والا ہے۔ فلم کے پہلے حصے کو ہندوستان سمیت دنیا بھر میں کامیابی ملی اور اسے سنسنی خیز اور شاندار ایکشن کیلئے سراہا گیا۔ ٹریلر کا آغاز اجے سانیال (آر مادھون) سے ہوتا ہے جسے دہشت گرد دھمکاتے ہیں لیکن جیسے ہی وہ ملک کی توہین کرنے کی کوشش کرتا ہے، رنویر سنگھ ، حمزہ علی مزاری کے روپ میں سامنے آتا ہے اور دہشت گردوں کو ایک ہی وقت میں ختم کردیتا ہے۔ دوسری جانب، رحمن ڈکیت کے قتل کے بعد حمزہ لیاری کی گلیوں میں تباہی مچارہا ہے اور یہ سوال کیا جارہا ہے کہ لیاری کا نیا لیڈر کون ہوگا؟ پروڈیوسرز کے مطابق اس بار کہانی صرف جاسوسی تک محدود نہیں رہے گی بلکہ نامعلوم افراد کی کہانی اس سیکوئل میں ذاتی رخ اختیار کرے گی جبکہ رنویر دو مختلف کرداروں میں دکھائی دیں گے۔