پٹنہ۔2 جون (ایجنسیز) ہندوستان میں ریزرو شدہ ٹرین ٹکٹ عام طور پر سفر سے 60 دن پہلے تک بک کیے جا سکتے ہیں لیکن زیادہ تر مسافر اپنی سفر کی منصوبہ بندی آخری لمحات میں کرتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں اکثر سیٹ دستیابی میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ میک مائی ٹرپ کے ڈیٹا کے مطابق تقریباً 40 فیصد مسافر متعدد بار اور کئی دنوں تک ٹکٹ بک کرنے کی کوشش کرتے ہیں جن میں سے تقریباً 70 فیصد کو کو ویٹنگ لسٹ والا ٹکٹ حاصل کرنا پڑتا ہے کیونکہ جب تک وہ اپنی سفر کی حتمی تاریخوں کا فیصلہ کرتے ہیں، کنفرم سیٹیں ختم ہو چکی ہوتی ہیں۔ اس مسئلے کے حل کے لیے میک مائی ٹرپ نے ایک نیا ’’سیٹ اویلیبلیٹی فورکاسٹ‘‘ فیچر متعارف کرایا ہے، جو ڈیٹا سائنس کی مدد سے مسافروں کو سیٹوں کی دستیابی کا بہتر اندازہ لگانے میں مدد فراہم کرے گا۔ میک مائی ٹرپ کے شریک بانی اور گروپ سی ای او، راجیش ماگو نے کہا کہ ہم ہندوستانی ریل کے مسافروں کی ضروریات کو سمجھتے ہوئے ایک ایسا فیچر تیار کیا ہے جو حقیقی چیلنج کو حل کرتا ہے۔ یہ فیچر نہ صرف ہمارے لاکھوں صارفین کو بہترین تجربہ فراہم کرے گا بلکہ ان کے سفر کی منصوبہ بندی کو بھی آسان بنائے گا۔