نئی دہلی۔16؍اکتوبر ( ایجنسیز ) تہوار کے موسم میں محفوظ سفر کو یقینی بنانے کیلئے ریلوے نے ٹرینوں میں پٹاخوں اور آتش گیر مواد کی نقل و حمل کے متعدد واقعات کے بعد، اسٹیشنوں اور ٹرینوں پر تخریب کاری کے خلاف جانچ شروع کی ہے۔ دیوالی کے دوران ٹرینوں میں پٹاخے، دھماکہ خیز مواد یا کسی بھی آتش گیر مواد کے ساتھ سفر کرنے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔مسافراکثر پٹاخے ‘پٹرولیم مصنوعات، گیس سلنڈر، مٹی کا تیل، ماچس، چولہے، لائٹر وغیرہ لیجاتے ہیں جو سفر کے دوران ممنوع ہیں۔ ریلوے ایکٹ 1989 کی مختلف دفعات کے مطابق، ٹرین میں سفر کے دوران آتش گیر اور دھماکہ خیز مواد لے جانا قابل سزا جرم ہے جس کی سزا 1,000 روپئے تک جرمانہ، تین سال تک قید، یا دونوں ہو سکتی ہیں۔
قومی اور علاقائی جماعتوں کو مفت نشریات کا وقت
پٹنہ، 16 اکتوبر (یو این آئی) بہار اسمبلی انتخابات کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے دوردرشن اور آل انڈیا ریڈیو پر قومی اور ریاستی سطح پر تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کو مفت نشریات کا وقت مختص کرنے کی ہدیت دی ہے ۔ یہ اقدام عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت کیا گیا ہے ۔ اس بار کمیشن نے ڈیجیٹل ٹائم واؤچرز جاری کیے ہیں جو ایک آئی ٹی پلیٹ فارم کے ذریعہ متعلقہ سیاسی جماعتوں میں تقسیم کیے گئے ۔ یہ واؤچر بہار میں قومی یا ریاستی سطح پر تسلیم شدہ تمام جماعتوں کو دیے گئے ۔ ہر اہل سیاسی پارٹی کو دوردرشن اور آل انڈیا ریڈیو دونوں پر 45منٹ کا مفت بیس ٹائم دیا جائے گا۔ اس وقت کو ریاست کے علاقائی نیٹ ورک میں یکساں طور پر تقسیم کیا جائے گا۔