حیدرآباد۔/4جون، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش کے وزیر بوتسا ستیہ نارائنا نے بتایا کہ اڈیشہ میں حادثہ کا شکار کورا منڈل یشونت پور ایکسپریس ٹرینوں میں آندھرا پردیش کے مسافرین کی تعداد 965 تھی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ستیہ نارائنا نے بتایا کہ 553 مسافرین محفوظ ہیں۔92 مسافرین نے اپنا سفر منسوخ کردیا تھا جبکہ باقی 28 مسافرین کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے اور فون کے ذریعہ ان سے رابطہ قائم کرنا دشوار کن ہوچکا ہے۔ فون نمبرس کے ذریعہ 28 مسافرین کے لوکیشن کا پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ آندھرا پردیش کے 22 مسافرین معمولی طور پر زخمی ہوئے ہیں جو مقامی دواخانوں میں زیر علاج ہیں۔ ریاستی وزیر امرناتھ اور دیگر 6 عہدیدار اڈیشہ میں بچاؤ اور راحت کے کاموں کی نگرانی کررہے ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کو رپورٹ روانہ کی ہے۔ رجسٹریشن چارٹ کے مطابق کورا منڈل ٹرین میں 484 اور یشونت پور ایکسپریس میں 211 آندھرا پردیش کے مسافرین کے نام ہیں۔ یشونت پور ایکسپریس میں تروپتی سے 107 مسافرین سوار ہوئے تھے۔ بوتسا ستیہ نارائنا نے بتایا کہ 180 نعشوں کی شناخت ابھی باقی ہے۔ آندھرا پردیش حکومت نے مہلوکین کیلئے فی کس 10 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا جبکہ شدید زخمیوں کو 2 لاکھ اور معمولی زخمیوں کو ایک لاکھ روپئے کی امداد دی جائے گی۔ یہ امداد مرکزی حکومت کی اعلان کردہ امداد کے علاوہ ہوگی۔ حادثہ میں مقامی عہدیداروں کے مطابق 275 افراد ہلاک ہوئے۔ وشاکھاپٹنم کے ہاسپٹل میں 5 زخمیوں کا علاج کیا جارہا ہے۔ر