ٹرین حادثہ میں 16 ورکرس کی موت، حکومت کے تساہل کا نتیجہ

   

Ferty9 Clinic

تلنگانہ میں ٹرینوں کی منسوخی افسوسناک ، کانگریس کا شدید ردعمل
حیدرآباد ۔8۔ مئی(سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے الزام عائد کیا کہ غیر مقامی ورکرس کے تحفظ میں مرکز ناکام ہوچکا ہے۔ اورنگ آباد ضلع میں 16 ورکرس کی ٹرین حادثہ میں موت اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک بھر میں غیر مقامی ورکرس کی صورتحال ابتر ہے ۔ کانگریس پارٹی ترجمان اور کورونا ٹاسک فورس کے کنوینرس جی نرنجن نے کہا کہ ورکرس کے مسائل کی یکسوئی کے بغیر حادثہ پر وزیراعظم کا اظہار افسوس بے معنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورکرس کی منتقلی کیلئے زائد ٹرینوں کا انتظام کیا جانا چاہئے تاکہ جلد سے جلد ورکرس اپنے مقام پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومتیں ورکرس کی منتقلی اور انہیں غذائی فراہمی میں ناکام ہوچکی ہیں ، لہذا مرکزی حکومت کو ذمہ داری قبول کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ورکرس کے مسائل کی یکسوئی میں ناکامی پر مرکز اور ریاستی حکومتوں کو عوام سے معذرت خواہی کرنی چاہئے ۔ آندھراپردیش کی سرحد پر ہزاروں ورکرس پھنس چکے ہیں، جنہیں ریاست میں داخلہ کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔ اڈیشہ اور چھتیس گڑھ سے سینکڑوں کیلو میٹر پیدل فاصلہ طئے کرتے ہوئے یہ مزدور آندھراپردیش پہنچے۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے اچانک ٹرینوں کی منسوخی پر حیرت کا اظہار کیا۔ نرنجن نے کہا کہ تلنگانہ نے روزانہ 40 خصوصی ٹرینوں کا اعلان کیا تھا لیکن ایک دن میں ہی فیصلہ تبدیل کردیا گیا ۔