ٹرین فائرنگ واقعہ میں حیدرآبادی شخص کی ہلاکت پر اظہار افسوس

   

شیخ عبداللہ سہیل کا دورہ بازار گھاٹ، ملک میں نفرت کی مہم کی مذمت

حیدرآباد۔/2 اگسٹ، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی میناریٹی ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل نے جئے پور۔ ممبئی ٹرین میں پولیس کانسٹبل کی فائرنگ میں ہلاک ہونے والے بازار گھاٹ کے ساکن سید سیف الدین کے مکان پہنچ کر تعزیت کا اظہار کیا۔ گجراتی گلی میں موبائیل شاپ کے ملازم سید سیف الدین کے افراد خاندان تدفین کیلئے بیدر روانہ ہوئے لہذا شیخ عبداللہ سہیل نے پڑوسی افراد سے ملاقات کی اور تفصیلات حاصل کی۔ سید سیف الدین اجمیر سے ممبئی واپس ہورہے تھے کہ راستہ میں جنونی پولیس کانسٹبل نے فائرنگ کے ذریعہ نشانہ بنایا۔ شیخ عبداللہ سہیل نے پسماندگان کے بارے میں تفصیلات حاصل کی۔ مقامی افراد نے بتایا کہ میت کو ممبئی سے بیدر منتقل کیا جارہا ہے۔ شیخ عبداللہ سہیل نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں نفرت کے ماحول نے معصوم عوام کی زندگیوں کو خطرہ لاحق کردیا ہے۔ بی جے پی اور دیگر فرقہ پرست طاقتیں سماج میں بھائی چارہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی جگہ فرقہ پرستی کا زہر پھیلارہے ہیں۔ عوام کو متحدہ طور پر ان طاقتوں کو شکست دینی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور سنگھ پریوار کی جانب سے ملک بھر میں چلائی جارہی نفرت کی مہم کے نتیجہ میں اس طرح کی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جئے پور۔ ممبئی ٹرین واقعہ دراصل دہشت گردانہ کارروائی ہے۔ وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر ریلوے اشونی ویشنو اور بی جے پی قائدین کی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ بعض ریلوے عہدیدار قاتل کانسٹبل کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں اور اسے ذہنی طور پر معذور ظاہر کیا جارہا ہے۔