ٹرین میں عصمت ریزی کی کوشش، لڑکی نے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگادی

   

لیڈیز کوچ میں اچانک ایک شخص گھس پڑا ، زبردستی کرنے پر لڑکی کا اقدام
حیدرآباد۔ 24 مارچ (سیاست نیوز) شہر میں پیش آئے ایک ہولناک واقعہ میں نوجوان لڑکی نے عصمت بچانے کی خاطر چلتی ٹرین سے چھلانگ لگادی۔ ٹرین میں سفر کے دوران لڑکی کی عصمت ریزی کی کوشش کی گئی لڑکی بذریعہ ایم ایم ٹی ایس ٹرین سفر کررہی تھی اور میڑچل سے تیلہ پور کی جانب جارہی تھی ٹرین جیسے ہی کومپلی پہنچی لڑکی نے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگادی۔ لڑکی لیڈیز کوچ میں اکیلی تھی جہاں ایک اجنبی شخص اچانک گھس آیا اور لڑکی کی عصمت ریزی کی کوشش کی۔ شمالی ہند کے واقعات کو تازہ کرنے والے واقعہ کے بعد ریاست میں سیاسی ماحول بھی گرما گیا ہے اور خواتین کے تحفظ کے متعلق حکومت اور پولیس پر تنقید کی جارہی ہے۔ چلتی ٹرین کے واقعہ کی اطلاع پاکر ایس بی ریلوے پولیس چنداناوپتی نے ہاسپٹل پہنچ کر زخمی لڑکی سے ملاقات کی اور حالات سے واقفیت حاصل کرنے کے بعد لڑکی کو حوصلہ دیا اور انصاف دلانے کا تیقن دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 23 سالہ لڑکی پیشہ سے سویگی میں انونٹیری ورک کرتی تھی جو میڑچل کے ایک خانگی ہاسٹل میں رہتی تھی جس کا تعلق ارواکنڈہ اننت پور ضلع ریاست آندھرا پردیش سے بتایا گیا ہے۔ 22 مارچ کو لڑکی موبائیل مرمت کیلئے سکندرآباد آئی تھی۔ موبائیل فون کی مرمت کے بعد سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پہنچی اور پلیٹ فارم نمبر 10 سے تیلہ پور روانہ ہونے کیلئے ایم ایم ٹی ایس ٹرین کا ٹکٹ حاصل کیا اور لیڈیز کوچ میں چلی گئی۔ اس کوچ میں دیگر خاتون مسافرین بھی موجود تھیں جو الوال علاقہ میں ٹرین سے اتر گئے اور متاثرہ لڑکی اکیلی تھی۔ اس دوران ایک اجنبی شخص کوچ میں گھس آیا ۔ تاہم کوچ میں اجنبی کی آمد کا پولیس پتہ چلا رہی ہے جبکہ لڑکی کو بھی اس اجنبی کے ٹرین میں آنے کا پتہ نہیں چل سکا۔ جیسے ہی لڑکی کے قریب پہنچا اس نے اپنی جنسی خواہش ظاہر کرتے ہوئے لڑکی سے جسمانی وابستگی کی پیشکش کی۔ لڑکی نے اس کی بات پر انکار کردیا جس کے بعد یہ شخص اس لڑکی کو قابو میں کرنے کی کوشش کررہا تھا کہ لڑکی نے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگادی۔ ریلوے پولیس اور پولیس کی جانب سے خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیتے ہوئے اس شخص کی تلاش جاری ہے۔ ع