نئی دہلی : سفر کے دوران خاتون پر پیشاب کرنے کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے ، اس بار امرتسر اور کولکتہ کے درمیان اکال تخت ایکسپریس میں یہ واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک سرکاری ملازم نے مسافر خاتون پر پیشاب کردیا ۔ نشے میں دھت بہار کے ایک ٹی ٹی ای منا کمار نے ٹرین میں مبینہ طور پر ایک خاتون پر پیشاب کر دیا جو اپنے شوہر کے ساتھ سفر کررہی تھی۔ خاتون سو رہی تھی جب ٹریولنگ ٹکٹ ایگزامینر (ٹی ٹی ای) نے اس پر پیشاب کردیا۔ خاتون بیدار ہوئی اور الارم بجایا اور اس کا شوہر ٹی ٹی ای کو پکڑنے میں کامیاب ہوگیا۔ دوسرے مسافر بھی جاگ گئے اور ٹی ٹی ای کو مارا پیٹا جس کے بعد انہوں نے اسے گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) کے حوالے کر دیا۔ ٹی ٹی ای کو جی آر پی نے حراست میں لے لیا اور اپنی تحویل میں لیکر کارروائی شروع کی ہے۔ جی آر پی چارباغ ریلوے اسٹیشن کے انچارج نورتنا گوتم نے بتایا کہ یہ کارروائی امرتسر کے رہنے والے مسافر راجیش کی شکایت پر کی گئی ہے، جس کی بیوی کو مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔ ایسا ہی واقعہ چند ماہ قبل ایک طیارے میں پیش آیا تھا جب نشے میں دھت ایک شخص نے اپنے ساتھ بیٹھی خاتون پر مبینہ طور پر پیشاب کر دیا تھا۔ اس کے بعد امریکہ میں کام کرنے والے ہندوستانی شنکر مشرا کو حراست میں لے لیا گیا اور ایر انڈیا کے ہوائی جہاز پر سفر کرنے پر4 ماہ کی پابندی لگا دی گئی۔