پرتاپ گڑھ : ملک میں بڑھتی نفرت کی سیاست اتنی عروج پر پہونچ چکی ہے کہ ہر محکمہ میں ایسے متعصب لوگ موجود ہیں جو اندھی تقلید کے سبب کسی کی جان لینے میں تاخیر نہیں کرتے ،جس کا نتیجہ مہاراشٹر میں ٹرین میں ڈیوٹی پر تعینات ایک آر پی ایف کانسٹبل نے تعصب کی بنیاد پر دہشت گردانہ واقعہ کا انجام دیتے ہوئے اپنے سینئر افسر و تین مسلم مسافروں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ،جو ملک کے لئے بہتر نہیں ہے ،یہ دہشت گردانہ واقعہ ہے ۔ایسے دہشت گردوں کو سخت سے سخت سزا دینے کی ضرورت ہے ۔پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے ٹرین میں پیش آئے دہشت گردانہ واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا یہ ملک میں چل رہی نفرت کی سیاست کا ہی نتیجہ ہے کہ چار لوگوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ۔ ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ جب سے بی جے پی اقتدار میں آئی ہے نفرت کی سیاست میں انتہائی اضافہ ہوا ،جس کے سبب ان کے حامی وقت وقت پر کبھی اجتماعی تشدد کا انجام دے کر مسلمانوں کو نشانہ بناتے ہیں۔