حیدرآباد۔اے پی کے ضلع کڑپہ میں ڈبل انجن والی مال بردار ٹرین کی کار کو ٹکر کے نتیجہ میں ایک شخص ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔یہ حادثہ ضلع کے یراگنٹلہ منڈل کے وائی کوڈورو گاوں میں واقع ٹرین کی پٹریوں پر اُس وقت پیش آیا جب اس ڈبل انجن والی مال بردار ٹرین نے کار کو ٹکر دے دی۔پولیس نے کہا کہ کار میں ناگی ریڈی کے علاوہ ایک اور شخص سفر رہا تھا تاہم اس میں بغیر کسی نگران والے ریلوے کراسنگ کے دوران تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی اور یہ کار پٹریوں کے درمیان میں ہی رک گئی۔اسی دوران ڈبل انجن والی ٹرین وہاں سے گذررہی تھی جس نے اس کارکو ٹکر دے دی۔ناگی ریڈی نے پرودوٹور کے ہاسپٹل منتقلی کے دوران آخری سانس لی۔ایک اور شخص جو شدید زخمی ہوگیا ہے کی شناخت ہنوز نہیں کی جاسکی۔اس کو علاج کے لئے سرکاری ہاسپٹل منتقل کردیاگیا۔کار کو ٹکر دینے کے بعد اس ٹرین نے کار کو تقریبا200میٹر دور تک کھینچ کرلے گئی۔یراگنٹلہ ریلوے اسٹیشن ماسٹر جعفر حسین نے میڈیا کوبتایا کہ ٹرین کے دو انجن 20کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلائے جارہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔
