ٹریڈنگ کے نام پر دھوکہ دہی، دو دھوکہ باز گرفتار

   

حیدرآباد سائبرآباد کرائم پولیس کی ممبئی میں کارروائی
حیدرآباد ۔ 29 نومبر (سیاست نیوز) ٹریڈنگ دھوکہ دہی معاملہ میں سائبرکرائم پولیس نے دھوکہ بازوں کو گرفتار کرلیا۔ حیدرآباد سائبر کرائم پولیس نے مہاراشٹرا کے نوی ممبئی سے دو دھوکہ بازوں کو گرفتار کرلیا۔ ایک درخواست گزار کے 12 لاکھ 30 ہزار روپئے لوٹ لئے گئے تھے۔ شکایت کے بعد تحقیقات کو انجام دینے والی سائبر کرائم پولیس نے نوی ممبئی سے یہ گرفتاریاں انجام دیں۔ تحقیقات کے دوران پولیس نے بتایا کہ گرفتار 38 سالہ روی کمار لعل اور 32 سالہ ایس اشوک سنگھ کے خلاف ملک بھر میں 12 مقدمات درج ہیں۔ سائبر کرائم پولیس حیدرآباد کے مطابق ٹریڈنگ کے نام پر دھوکہ بازوں نے شکایت گزار کو اپنے جال میں پھانسا۔ اپنے آپ کو اسٹاک مارکٹ کے ماہرین ظاہر کرتے ہوئے ان دھوکہ بازوں نے اپنا تعارف کروایا اور ایک نقلی ٹریڈنگ پلاٹ فام کے ذریعہ سرمایہ کرواتے ہوئے 12 لاکھ 30 ہزار روپئے لوٹ لئے گئے۔ سائبرکرائم پولیس کے مطابق اس ریاکٹ میں دھوکہ بازوں کے کام کا طریقہ مختلف پایا جاتا ہے۔ ایک دھوکہ باز بینک اکاؤنٹس کو فراہم کرتا ہے جبکہ دوسرا اکاؤنٹ آپریٹ کرنے کے ساتھ ساتھ ایس ایم ایس نمبرات کی ہیراپھیری اور متاثرین کو یقین دلانے کے اقدامات کو انجام دیا کرتا ہے۔ پولیس نے پھر ایک مرتبہ عوام سے درخواست کی کہ وہ ایسے دھوکہ بازوں کے جال میں نہ پھنسیں جو آپ کو لالچ دیکر لوٹ رہے ہیں۔ع