دبئی۔ حال ہی میں بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں ہندوستان کی کامیابی میں مدد کرنے کے بعد آف اسپنر روی چندرن اشون ایک درجے کی ترقی کے ساتھ مشترکہ چوتھے نمبر کے بولر بن گئے جبکہ شریاس ایر نے تازہ ترین آئی سی سی ٹسٹ درجہ بندی میں اپنے کیریئر کا بہترین 16 واں مقام حاصل کیا۔ اشون دوسرے میچ میں چھ وکٹ لے کر جسپریت بمراہ کے ساتھ بولروں میں مشترکہ چوتھے نمبر پر ہیں۔ وہ دوسری اننگز میں ناٹ آؤٹ 42 رنزکی اہم اننگز کے بعد بیٹروں میں تین مقام ترقی کر کے 84 ویں نمبر پر آگئے ہیں جس نے تین وکٹوں سے فتح حاصل کی اور ہندوستان کو ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے اہم پوائنٹس دلوائے ہیں۔ تجربہ کار اسپنر اشون جو ماضی میں نمبرایک بولر اور آل راؤنڈر رہ چکے ہیں، آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں بھی سات ریٹنگ پوائنٹس حاصل کر چکے ہیں، جن کی قیادت ان کے ہم وطن رویندر جڈیجہ کر رہے ہیں۔ جڈیجہ اس وقت 369 ریٹنگ پوائنٹس پر ہیں جبکہ اشون 343 پر ہیں۔ دوسری طرف ایر، جنہوں نے اشون کے ساتھ 71 رنز کی ناقابل شکست شراکت میں ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا، کیریئر کی بہترین 16واں مقام حاصل کر لیا ہے۔ ایر کے 87 اور 29 ناٹ آؤٹ کے اسکور نے انہیں 26 ویں مقام سے ترقی کرنے میں مدد کی ہے، جو رینکنگ میں ان کا سابق بہترین ہے مقام ہے۔پہلی اننگز میں 93 کے اسکور کی بدولت تین ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد رشبھ پنت چھٹے نمبر پر سب سے بہترین مقام والے ہندوستانی بیٹر ہیں جبکہ فاسٹ بولرامیش یادیو پانچ مقامات کے فائدہ کے ساتھ 33 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔