کراچی۔27 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلہ دیش کی جانب سے پاکستان میں ٹسٹ میچ کھیلنے کے انکار پر دوٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا کہ ٹسٹ میچز منتقل کرنا ناممکن ہے اور پاکستان اپنے میچز ہوم گراؤنڈ پر ہی کھیلے گا۔ پاکستان کو آئندہ سال کے پہلے مہینے میں بنگلہ دیش کی میزبانی کرنی ہے جسے ٹی20 اور ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔ بنگلہ دیشی ٹیم ٹی20 سیریز کے لیے تو دورہ پاکستان پر رضامند ہے لیکن ٹسٹ میچ کے لیے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ٹیم پاکستان بھیجنے پر رضامند نہیں۔ پاکستان نے حال ہی میں دو ٹسٹ میچوں کے لیے سری لنکائی ٹیم کی میزبانی کی جس کے ساتھ ہی ملک میں 10سال کے طویل عرصے کے بعد ٹسٹ کرکٹ بحال ہوئی۔ مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد پاکستان پر عالمی کرکٹ اور دیگرکھیلوں کے دروازے بند ہو گئے تھے لیکن سری لنکن ٹیم نے ہی پاکستان کی مدد کرتے ہوئے ایک دہائی سے زائد عرصے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ بحال کی۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چوہدری نے کہا ہے کہ ہم اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں، ہم پاکستان میں صرف ٹی20 میچز کھیلنا چاہتے ہیں، بنگلہ دیش طویل دورہ پاکستان کے حوالے سے شکوک و شبہات کا شکار ہے۔