ٹسٹ سیریز میں تبدیلی کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی: ای سی بی

   

نئی دہلی ۔ پچھلے کچھ دنوں سے یہ خیال ظاہر کیا جارہا تھا کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے آئی پی ایل کے باقی مقابلوں کے انعقاد کے لئے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) سے رابطہ ہے تاکہ انگلینڈ کے خلاف کھیلی جانے والی پانچ مقابلوں کی سیریز میں ردوبدل کیا جاسکے لیکن دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈس کی جانب سے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا گیا ہے اور کہا ہیکہ کسی بھی بورڈ کی جانب سے اس طرح کی کوئی سرکاری درخواست موصول نہیں ہوئی ہے۔ میڈیا سے اظہار خیال کرتے ہوئے ای سی بی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ دونوں بورڈ کے عہدیدار مختلف معاملات پر مستقل رابطہ میں ہیں لیکن ٹسٹ سیریز کی تاریخوں میں تبدیلی کے لئے کوئی سرکاری درخواست نہیں دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم مختلف اور وسیع معاملات پر بی سی سی آئی سے مستقل بنیادوں پر رابطہ میں ہیں جس میں خاص طور پر کورونا کے چیالنجس سے نمٹنے کامنصوبہ سرفہرست ہے۔ بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ یہ کافی حیران کن ہے کہ 4 اگست کو دونوں ممالک کے درمیان پہلا مقابلہ شروع ہوگا اور اس موقع پر ٹسٹ سیریز میں تبدیلی کا مطالبہ کیا جائے گا۔ دیانتداری سے کہوں تو مجھے بھی یہ حیران کن لگا کہ اب جبکہ تمام معاملات طے ہوچکے ہیں تو کس طرح چند گھنٹے قبل ہم سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کا مطالبہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ بی سی سی آئی خواہاں ہے کہ ٹسٹ سیریز کا آغاز جلد ہو کیونکہ ہندوستانی ٹیم 22 جون کو آئی سی سی ٹسٹ چیمپین شپ کا فائنل ختم کرے گا جس کے بعد انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹسٹ 4 اگست کو شروع ہو رہا ہے جس کے بعد مانچسٹر میں دونوں ٹیموں کے درمیان 10 تا 14 ستمبر کو آخری مقابلہ منعقد ہوگا۔ واضح رہے کہ ہندوستانی کھلاڑی فی الحال ممبئی میں سرنطینہ کی مدت مکمل کررہے ہیں جس کے بعد وہ انگلینڈ کے دورہ کا آغاز کریں گے۔