اسلام آباد ۔21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی کے سربراہ احسان مانی نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف تین ٹسٹ میچوں کی سیریز میں ٹیم کی خراب کارکردگی کی جانچ کی جائے گی۔ پاکستان کو جنوبی افریقہ کے خلاف تینوں ٹسٹ میچ گنوانا پڑا تھا۔ مانی نے کہا کہ ٹسٹ سیریز کے نتائج مایوس کن ہیں اور کرکٹ شائقین بھی ٹسٹ میں ٹیم کی کارکردگی سے مایوس ہیں۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے احسان مانی نے کہا کہ ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں جس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، اس سے بلاشبہ سبھی مایوس ہیں۔ ہم اس کی جانچ کریں گے اور وجوہات کا پتہ لگائیں گے۔ جنوبی افریقہ سے کراری شکست جھیلنے سے پہلے پاکستان نیوزی لینڈ سے یو اے ای میں ٹیسٹ سیریز ایک دو سے ہار گیا تھا۔ احسان مانی پہلے ہی اس سلسلہ میں کرکٹ کمیٹی کے سربراہ محسن خان سے بات کرچکے ہیں۔ انہوں نے محسن خان سے کہا ہے کہ وہ اپنی کمیٹی کے اراکین کے ساتھ ملاقات کرکے رپورٹ تیار کریں کہ ٹسٹ میچوں میں کیا غلط ہوا۔