انٹیگا، 22 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان سوربھ گنگولی نے ٹیم کے بیٹسمین روہت شرما کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ون ڈے اور ٹوئنٹی -20 میچوں کے علاوہ ٹسٹ کرکٹ میں بھی اوپنر کے طور پر اتر سکتے ہیں۔گنگولی نے امید ظاہر کی کہ روہت ٹسٹ میں اوپننگ کے لئے اتریں اور ٹسٹ فارمیٹ کے نائب کپتان اجنکیا رہانے مڈل آرڈر میں اترکر ہندوستانی اننگز کو سنبھالیں۔انہوں نے کہاکہ میرے خیال سے روہت عالمی کپ کی اپنی بہترین کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے اوپننگ کے لئے اتریں اور رہانے مڈل آرڈر میں اپنی صلاحیت کے مطابق کارکردگی کریں۔ہندوستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ آج انٹیگا میں کھیلنا ہے ۔ڈوپنگ ٹسٹ میں فیل ہونے کے بعد پابندی کا سامنا کررہے اوپنر پرتھوی شا کی غیر موجودگی میں ہندوستانی ٹیم کے لئے اوپننگ جوڑی پریشانی کا سبب بن سکتی ہے ۔اگرچہ ٹیم پہلے ٹسٹ میں مینک اگروال اور لوکیش راہل سے اننگز کا آغاز کرا سکتی ہے ۔گزشتہ ماہ ختم ہوئے آئی سی سی ورلڈ کپ میں پانچ سنچری لگانے والے روہت ون ڈے اور ٹوئنٹی -20 فارمیٹ میں ہندوستان کی اننگز کا آغاز کرتے ہیں لیکن اب تک وہ ٹسٹ ٹیم میں مستقل جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے دورے میں انہوں نے امید کے برعکس مظاہرہ کرتے ہوئے چار اننگز میں محض 78 رنز بنائے تھے ۔