دبئی ۔29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کا اعلان کر دیا جس میں 9 ٹیمیں حصہ لیں گی۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق دوسال پر محیط چمپئن شپ میں27 سیریز کھیلی جائیں گی جس میں مجموعی طور پر 72 ٹسٹ ہوں گے۔ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کا پہلا ٹسٹ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان یکم اگست کو شروع ہوگا اورورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کا فائنل جون 2021 میں انگلینڈ میں ہوگا۔ ٹسٹ چمپئن شپ میں ناقص وکٹ تیارکرنے پر میزبان بورڈ کو سخت سزا ملے گی۔ میچ خراب حالات کی نذر ہوا تو کامیابی کے نشانات مہمان ٹیم کے حصے میں جائیں گے۔ سلو اوور ریٹ کا شکار ہونے والی ٹیم کو فی اوور 2 نشانات کٹوتی کا سامنا ہوگا۔ سیریز5 میچز کی ہو یا 2 کی مجموعی نشانات 120 ہی ہوں گے۔ یکم اگست کو ایشز سیریز کی صورت میں ڈبلیو ٹی سی کے 2 سالہ دورانیہ کا آغاز ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹسٹ چیمپئن شپ کا دیرینہ خواب آخر کار یکم اگست سے شرمندہ تعبیر ہونے والا ہے جب انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کا آغاز ہوگا، یہ سیریز اسی ٹسٹ چیمپئن شپ کے تحت ہی کھیلی جارہی ہے۔اس بارے میں آئی سی سی کے جنرل منیجر کرکٹ جیف ایلرڈائس نے کہا کہ کھلاڑی بھی ڈبلیو ٹی سی کے حوالے سے کافی پرجوش ہیں۔ پہلا موقع ہوگا جب باہمی ٹسٹ سیریز کے ہر میچ کی اپنی ایک اہمیت ہوگی، اس میں ایسے ممالک بھی دلچسپی لیں گے جن کی ٹیم اس ٹسٹ سیریز کا حصہ نہیں ہوگی۔ٹسٹ شرٹ پر نمبر اورکھلاڑیوں کے نام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں آپ نے دیکھا ہوگا کہ بچوں نے نہ صرف اپنی پسندیدہ ٹیم کی شرٹ پہن رکھی تھی بلکہ اس پر ان کے پسند کے کھلاڑی کا نام اورنمبر بھی لکھا ہوا تھا، اسی دلچسپی کو ہم اب ٹسٹ میں بھی برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ ایلرڈائس نے کہا کہ ہر سیریز کیلئے یکساں 120 نشانات کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا گیا ہے، اس لیے سیریز5 ٹسٹ میچز کی ہو یا 2 کی اس میں یکساں نشانات ہوں گے جوکہ میچز کی تعداد کے حوالے سے برابر تقسیم کیے جائیں گے۔ اس حساب سے دو ٹسٹ میچز کی سیریز میں ہر میچ کے 60 پوائنٹس ہوں گے جبکہ 5 ٹسٹ کی سیریز میں ہر میچ کے 24 پوائنٹس ہوں گے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ قیمتی نشانات کے حصول کیلیے میزبان بورڈ جان بوجھ کر اپنے حق میں موافق پچز تیارکرسکتی تو ایلرڈائس نے کہا کہ اگر کسی خراب پچ کی وجہ سے میچ ختم ہوا تو تمام پوائنٹس مہمان ٹیم کو دیے جائیں گے، اسی طرح ناقص پچ کی تیاری پر ڈیمیرٹ پوائنٹس ملیں گے جوکہ 5 ہونے کی صورت میں وینیو کا انٹرنیشنل اسٹیٹس ختم کردیا جائے گا۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سلو اوورریٹ پر کپتان کو معطل کرنا درست عمل نہیں تھا اس لیے اسے ختم کردیا گیا، اب ٹسٹ میچ میں فی اوور پیچھے رہنے پر 2 نشانات کاٹ لیے جائیں گے۔