کراچی۔17مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر نے ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوشی کے اپنے فیصلے پر خاموشی توڑی ہے اور واپسی کا ارادہ ظاہر نہیں کیا ہے ۔محمد عامر کو عروج میں ہی کھیل کے طویل ترین فارمیٹ کو وداع کہنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ عامر نے کہاکہ ہرکسی کی اپنی سوچ ہوتی ہے اور میں اپنے جسم کو زیادہ بہتر جانتا ہوں، مجھے محسوس ہوتا تھاکہ میرے جسم میں حد سے زیادہ بوجھ پڑنے لگا جس سے نمٹنا مشکل ہورہا تھا۔ اپنے کیریئرکو طول دینے کیلئے مجھے یہ فیصلہ کرنا تھا جس میں میرے افراد خاندان نے بہتر ساتھ دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ فکسنگ کے بعد پابندی کی وجہ سے 5 برس کا وقفہ کسی بھی فاسٹ بولر کیلئے بہت ہوتا ہے اور اس کے بعد میں نے مسلسل 3 برس تینوں فارمیٹس میں لگاتارکرکٹ کھیلی۔ اب میری توجہ صرف ایک چیز پر ہے اور میں خود کو دماغی و جسمانی طور پر تازہ دم محسوس کرتا ہوں،اس کے نتائج بھی سب کے سامنے ہیں۔