ٹسٹ کرکٹ کی میری صلاحیت کے ناقدین کو جواب دیا : ریڈی

   

ملبورن: نتیش کمار ریڈی اپنے ناقدین کو غلط ثابت کرنا چاہتے تھے جنہوں نے ٹسٹ فارمٹ میں ان کی قابلیت پر شک کیا اور ایم سی جی کے باوقار گراؤنڈ میں سنچری بنا کر انہوں نے پیغام دیا کہ وہ کرکٹ کے اعلیٰ ترین سطح پر کھیلنے کے قابل کھلاڑی ہیں۔ ایک سابق چیف سلیکٹر کے بشمول کچھ سابق کھلاڑی ریڈی کے تعلق سے شکوک و شبہات کا شکار تھے لیکن چھ اننگز میں 293 رنز اور 58 سے زیادہ کی بیٹنگ اوسط کے ساتھ انہوں نے ان سب کو مناسب جواب دیا ہے۔ ریڈی کی 114 رنز کی اننگز کی بدولت ہندوستان پہلی اننگز میں 369 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔ اس سنچری کے ذریعہ نوجوان بلے باز نے سب کی توجہ اپنی طرف مبذول کرائی۔ جب یہ سوال کیا گیا کہ کیا آپ نے کبھی سوچا تھا کہ آپ اس ٹیم میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہوں گے؟ 21 سالہ ریڈی نے کہا کہ کچھ لوگوں کو مجھ پر شک تھا کہ آئی پی ایل کھیلنے والا کوئی بھی نوجوان اتنی بڑی سیریز میں پرفارم نہیں کر سکتا۔ میں جانتا ہوں کہ بہت سے لوگ اس طرح بات کرتے تھے۔ میں صرف انہیں یہ احساس دلانا چاہتا ہوں کہ انہوں نے میرے بارے میں جو کچھ بھی کہا ہے وہ غلط ہے اور میں یہی کر رہا ہوں۔ میں لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں ہندوستانی ٹیم کیلئے اپنا 100 فیصد دینے کیلئے حاضر ہوں۔ یہ پوچھے جانے پر کہ وہ پچھلے مہینے کو کیسے دیکھتا ہے جس میں اس کی زندگی بدل گئی ، اس نے فوراً جواب دیا کہ میں سوچتا ہے کہ آپ لوگوں کیلئے یہ صرف ایک یا دو ماہ کا عرصہ ہے لیکن میرے لئے یہ دو تین سال کے مساوی ہوئے۔ میں اپنی بیٹنگ اور بولنگ پر محنت کر رہا ہوں۔ ریڈی نے 2024 کے آئی پی ایل کے آغاز سے پہلے ‘سائیڈ آرم تھرو ڈاؤن’ ماہرین کی خدمات حاصل کی تھیں اور ان کے خلاف تقریباً 18 گز سے 145 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پر بیٹنگ کی مشق کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے آئی پی ایل سیزن کے بعد میں نے محسوس کیا کہ مجھے اپنی بیٹنگ کو بہتر بنانا ہے اور میں نے ایک منصوبہ بنایا۔ جب مجھے سیشن کے موقع پر وقت ملا تو میں نے اپنی بیٹنگ پر بہت کام کیا اور اب اس کے نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ ریڈی نے بتایا کہ میرے والد نے مرکزی حکومت میں 25 سال خدمات انجام دیں اور جب میں کچھ نہیں تھا اور میں ریاستی سطح پر نہیں کھیلا تو پہلا شخص جو مجھ پر یقین رکھتا تھا وہ میرا باپ تھا۔ انہوں نے مجھ پر یقین کیا اور میرے لیے اپنی ملازمت سے استعفیٰ دے دیا۔ وہ مجھے میدان، جم لے جاتے اور وہ ہمیشہ میرے ساتھ رہنا چاہتا تھے۔ انہوں نے بہت قربانیاں دیں۔ اگر مجھے اس کے بارے میں بتانا ہے تو وقت کم ہوگا لیکن میں ان جیسا باپ ملنے پر بہت شکر گزار ہوں۔ ریڈی نے کہا کہ میں نے ایک مشکل صورتحال میں میری ٹیم کی مدد کی تاکہ ہم مضبوطی سے واپسی کرسکیں۔ ویراٹ کوہلی کو اپنا آئیڈیل بتاتے ہوئے ریڈی نے کہا کہ بچپن سے ویراٹ کو دیکھ رہا ہے۔ میں تب نان اسٹرائیکر پر تھا جب ویراٹ نے پرتھ میں سنچری بنائی۔ اب میں نے سنچری اسکور کی ہے تو انہوں نے میری تعریف کی اور کہا کہ تم نے بہت اچھا کھیلا۔