ٹماٹر کی فروخت کے لیے کسان پریشان حال

   

آسمان کو چھونے والی قیمت پستی کا شکار ، فصل کے لیے لگائی گئی رقم کا ازالہ بھی مشکل
حیدرآباد ۔ 7 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : کل تک ٹماٹر کی خریداری عام شہریوں کے لیے مشکل بن گئی تھی ۔ لیکن آج ٹماٹر کی فروخت کسانوں کے لیے مشکلات کا سبب بن گئی ہے ۔ چند روز قبل قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کے سبب ٹماٹر مارکٹ سے مکان لیجانا مشکل ہوگیا تھا لیکن آج حالات اس کے بالکل برعکس ہوگئے ہیں ۔ اب ٹماٹر کھیت سے مارکٹ تک لانا مشکل بن گیا ہے ۔ قیمتوں میں بے پناہ گراوٹ کے سبب ٹماٹر کی پیداوار کرنے والے کسان ناقابل بیان تکلیف کا شکار ہیں ۔ قیمتوں میں کمی کے سبب فصل کے لیے لگائی قیمت حاصل ہونا بھی کسانوں کے لیے مشکل ہوگیا ہے ۔ جس کے سبب کسان ٹماٹر کو اپنی فصلوں میں ہی چھوڑ دیتے ہیں جو مویشیوں کا چارہ بن رہا ہے ۔ ریاست تلنگانہ کے لیے ٹماٹر کی درآمد کا ایک ذریعہ ریاست آندھرا پردیش میں واقع نندیال ہے اور پڑوسی ریاستوں سے ہمہ اقسام کی غذائی اجناس کو درآمد کیا جاتا ہے ۔ ان دنوں نندیال اور دیگر مقامات پر ٹماٹر کھیتوں کی زینت اور مویشیوں کا چارہ بن رہا ہے ۔ گذشتہ دنوں 200 روپئے فی کیلو ٹماٹر کی قیمت پائی جاتی تھی لیکن آج مارکٹ میں ایک سو روپئے میں 5 تا 6 کیلو ٹماٹر فروخت ہورہا ہے جب کہ ہول سیل مارکٹ میں ٹماٹر کی قیمت کا برا حال ہے ۔ کھیت سے ٹماٹر کی فصل کو حاصل کرنے اور مارکٹ تک منتقل کرنے کے دوران ہورہے اخراجات ٹماٹر کی قیمت سے کہیں زیادہ ہے جس کے سبب ٹماٹر کو فصلوں تک محدود رکھنے میں ہی کسان عافیت تصور کررہے ہیں ۔۔ ع