ریتو بازار میں 39 روپئے فی کلو عام مارکٹ میں 50 تا 60 روپئے فی کلو دستیاب
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ٹماٹر کی قیمتوں میں بدستور کمی واقع ہورہی ہے جو عوام کے لیے راحت کا سبب بن رہی ہے ۔ شہر حیدرآباد میں ایک مرحلے میں ٹماٹر کی قیمت 200 روپئے سے تجاوز کر گئی تھی ۔ شہر کے ریتو بازار میں لوکل ہائبرڈ اقسام کے ٹماٹر 39 روپئے فی کلو فروخت ہورہے ہیں ۔ ریٹل دوکانات اور کالونیوں میں 50 تا 60 روپئے فی کلو فروخت ہورہے ہیں ۔ مارکیٹنگ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ مستقبل میں ٹماٹر کی قیمت میں مزید کمی آئے گی ۔ ماہ جون میں ہوئی موسلا دھار بارش کی وجہ سے تلنگانہ ، آندھرا پردیش ، مہاراشٹرا ، کرناٹک ، چھتیس گڑھ جیسی ریاستوں میں ٹماٹر کی فصلوں کو بہت زیادہ نقصان پہونچا جس کے نتیجے میں کمیشن ایجنٹس اور تاجروں نے ان علاقوں سے حیدرآباد میں درآمد کیے جانے والے ٹماٹرس کی قیمتوں میں من مانی اضافہ کردیا ۔ جنوری سے مارچ تک فی کلو ٹماٹر کی قیمت صرف 10 تا 20 روپئے تھی تاہم موسم کی خراب صورتحال کے باعث درآمدات میں کمی آئی ہے اور قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ ٹماٹر کی قیمت اپریل میں 35 روپئے فی کلو تھی جو جولائی میں 150 روپئے سے تجاوز کر گئی ۔ چند دن قبل شہر کے کئی علاقوں میں ٹماٹر کی قیمت 200 روپئے سے زیادہ ہوگئی تھی ۔ کسانوں سے خریدی کرنے والے چند کمیشن ایجنٹس نے ٹماٹر کی مصنوعی قلت پیدا کرتے ہوئے عوام کو لوٹا ہے ۔ لیکن بارش کے معمول پر آجانے اور ٹماٹر کی نئی فصلوں سے ٹماٹر کی قیمت کنٹرول میں آگئی ہے ۔ ٹماٹر کے ساتھ ساتھ ہری مرچ کی آسمان چھوتی قیمت میں بھی اب قابو میں آگئی ہے ۔ چار دن قبل تک ہری مرچ فی کلو 125 روپئے فروخت ہورہی تھی ۔ اب ریتو بازار میں 50 روپئے فی کلو اور عام مارکٹ میں 60 روپئے فی کلو فروخت ہورہی ہے ۔۔ ن