مقتول کے ورثاء کا ایریا ہاسپٹل کے روبرو احتجاج، پولیس مصروف تحقیقات
نرمل ۔ 9 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نرمل ضلع کے سارنگ پور منڈل کے موضع چنچولی (بی) میں واقع تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول کے دو طلباء کے درمیان کل رات جھگڑے میں ایک طالب علم کی موت ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹمریز بوائز اسکول نرمل میں زیر تعلیم دسویں جماعت کے دو طالب علم عرفان اور ارباز میں کچھ بحث و تکرار کے بعد جھگڑا ہوگیا جس کے نتیجہ میں ارباز سولہ سالہ نامی طالب علم کو ڈیوٹی پر مامور ٹیچر نے دواخانہ منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں ے اسے مردہ قرار دیا۔ متوفی طالب علم کا تعلق ضلع عادل آباد کے ریچوڈہ سے بتایا گیا جھگڑے کی وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا۔ آج صبح ارباز کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالہ کیا گیا تاہم برہم نوجوانوں کی بڑی تعداد ایریا ہاسپٹل پہنچ کر احتجاج کیا کہ مقتول کے ورثا کو پچیس لاکھ ایکس گریشا اور خاندان میں ایک سرکاری ملازمت دی جائے۔ سرکاری عہدیداروں نے دواخانہ پہنچ کر مقتول کے ورثا کو تیقن دیا کہ ممکنہ مدد کی جائے گی اور انتظامیہ کے خلاف بھی تحقیقات کی جائیں گی۔ یہاں یہ بتانا بے محل نہ ہوگا کہ ٹمریز اسکول کے انتظامیہ پر لاپرواہی اور ڈسپلن پر سوال اٹھارہے ہیں۔ تاہم پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ واضح رہے کہ ایک کم عمر کی موت سے گھر والوں پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ عام آدمی بھی اس کم عمر کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے سخت سے سخت قدم اٹھائے اور اسکول انتظامیہ کے ذمہ داروں پر کڑی سے کڑی کارروائی ہو۔ سرپرستوں میں اپنے اپنے بچوں کو لے کر کافی تشویش پائی جاتی ہے۔ جو ٹمریز میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔