حیدرآباد ۔ 16 نومبر (راست) ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد حکومت (ٹمریز) اسکولس کے ذریعہ اقلیتوں کو معیاری تعلیم فراہم کررہی ہے۔ اقلیتی طلباء و طالبات کو سرکاری و کارپوریٹ شعبوں میں ملازمت کے اہل بنانا ٹمریز کا بنیادی مقصد ہے۔ طلباء و طالبات کی ہمہ جہتی ترقی اقدار نظم و ضبط کے پابند بناتے ہوئے تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگرکیا جارہا ہے تاکہ عصرحاضر کے چیلنجس کا مقابلہ کرسکے۔ ٹمریز اسکولس میں معیاری تعلیم کے علاوہ زائد نصابی سرگرمیوں کھیل کود، کمیونٹی سرویس، سائنس، کمپیوٹر، آرٹ و دیگر شعبوں میں طلباء و طالبات کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مائناریٹی ریسیڈنشیل اسکول گولکنڈہ 2 میں منعقدہ یوم اقلیتی بہبود و یوم قومی تعلیم کے موقع پر منعقدہ تقریب سے مخاطب کرتے ہوئے مقررین مسٹر اے جگدیش ریجنل لیول کوآرڈینیٹر، مسٹر سرینواس ایس آئی پولیس گولکنڈہ، شریمتی پشپاانجلی، شریمتی رادھکا نے کیا۔ محترمہ سرور سلطانہ نے کارروائی چلائی اور پرنسپل اسکول محترمہ امولیہ ودیالہ نے جلسہ کی صدارت کی۔ اس موقع پر مختلف مقابلہ جات میں حصہ لینے والے طالبات میں انعامات و اسناد تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر مقررین نے مولانا آزاد کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔