سرکاری اسکول سے تعلیم کے باوجود مثالی نتیجہ ۔ محنت اور لگن رنگ لائی
حیدرآباد۔ 24 اپریل (سیاست نیوز) انٹرمیڈیٹ کے نتائج میں ظہیرآباد منڈل کے بوچنیلی گاؤں میں واقع تلنگانہ مائناریٹی ریسیڈنشیل اسکول سوسائٹی (ٹمریز) کی طالبہ تزکیہ فائزہ نے BiPC گروپ میں 440 کے منجملہ 436 مارکس حاصل کرتے ہوئے یہ ثابت کردیا کہ سرکاری کالجوں میں بھی ایسے ہیرے موجود ہیں جنہوں نے کارپوریٹ اور پرائیویٹ کالجوں کے مقابلے میں نتائج میں شاندار مظاہرہ کیا۔ مذکورہ طالبہ ، شہر حیدرآباد میں ریڈہلز حلقہ کے سابق کارپوریٹر خواجہ میاں لشکری کی پوتری ہوتی ہیں۔ تزکیہ فائزہ نے ایک سرکاری اسکول میں دسویں جماعت تک تعلیم حاصل کی۔ اپریل 2024ء میں ٹمریز میں داخلے کیلئے انٹرنس میں کامیابی حاصل کی۔ ریاستی سطح پر دوسرا مقام حاصل کرنے والی طالبہ تزکیہ فائزہ نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں دی جانے والی تعلیم بہترین معیار کی ہے۔ جس انداز میں ٹمریز میں پڑھایا جارہا ہے، اس لحاظ سے کوئی بھی امتحان میں مشکل پیش نہیں آئی۔ طالبہ نے کہا کہ وہ انٹر سال دوم میں اور بھی زیادہ محنت اور لگن سے پڑھائی کریں گی اور ریاستی سطح پر اول مقام حاصل کریں گی۔ مستقبل میں وہ گروپ۔ I میں کامیابی کا ہدف رکھتے ہوئے تیاری کررہی ہیں جس میں انہیں لیکچررس کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ کالج کے عملہ نے ریاست میں دوسرا مقام حاصل کرنے پر انہیں دلی مبارکباد دی۔ 2