بودھن میں رمضان نظام الاوقات کی رونمائی کے بعد پرنسپل بصیر احمد کی میڈیا سے بات چیت
بودھن۔/28 فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ مائناریٹی ریسیڈنشیل اسکول و جونیئر کالج بوائز ون بودھن کے پرنسپل بصیر احمد نوید سے ٹمریز انتظامیہ حیدرآباد کی جانب سے فراہم کردہ ماہ رمضان سال 2025 کے نظام الاوقات کی رونمائی انجام دی۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میناریٹی ریسیڈنشیل سوسائٹی کی جانب سے ریاست تلنگانہ میں تقریباً 205 ریسیڈنشیل اسکولس و کالجس قائم کئے گئے جن میں ایک سو پانچ طلبہ کیلئے اور ایک سو طالبات کے لئے قائم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ٹمریز سوسائٹی ریاست تلنگانہ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ سوسائٹی کے زیر انتظام چلنے والے اسکولس و کالجس میں طلباء و طالبات کو عصری تعلیم و تربیت کے ساتھ ان کی بنیادی ضرورتوں کی فراہمی پر خصوصی طور پر توجہ دی جاتی ہے۔ پرنسپل نے بتایا کہ ٹمریز میں زیر تعلیم طلباء و طالبات زبان اول کے طور پر اردو مضمون کا انتخاب کرنے کی طلبہ کو مکمل آزادی حاصل ہے۔ پرنسپل نے بتایا کہ عصری تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم و تربیت فراہم کرنے قابل اساتذہ کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ پرنسپل بصیر احمد نوید نے کہا کہ جماعت پنجم اور انٹر سال اول میں داخلوں کا آغاز عمل میں آچکا ہے۔ 31 مارچ تک داخلے جاری رہیں گے۔ انہوں نے طلبہ و اولیائے طلبہ سے حکومت تلنگانہ کی جانب سے میناریٹی طبقات کی تعلیم و تربیت کیلئے مفت عصری تعلیم و تربیت کی فراہمی کیلئے قائم کردہ ٹمریز سوسائٹی کے اقامتی کالجس و اسکولس میں بچوں کو داخلہ دلوانے کی اپیل کی۔