نااہل امیدواروں کے تقررات سے تعلیم متاثر ہونے کا خدشہ
نظام آباد :سید قیصر سابق معاون کارپوریٹر نظام آباد میونسپل کارپوریشن نے ٹمریز میں جونیئر لکچرارس کے تقررات میں شفافیت کو ترجیح دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نا اہل امیدواروں کے تقرر سے ٹمریز میں طلباء کی تعلیم متاثر ہونے کا خدشہ لاحق ہوتا ہے۔ سید قیصر نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے قائم کردہ تلنگانہ اقلیتی اقامتی جونیئر کالجس میں بہترین تعلیم کا نظم حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن نا اہل امیدواروں کے تقرر کی صورت میں بہترین تعلیم کا مشن ادھورا رہ جانے کا خطرہ لاحق ہے۔ سید قیصر نے جونیئر لکچرارس کے حالیہ امتحانات میں جاری کردہ نشانات پر حیرت وتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک امیدواروں کو جملہ 50نشانات ہونے کے باوجود 54 نشانات دیئے گئے ۔ سید قیصر نے اسے فاش غلطی قرار دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے دوسرے امیدواروں کو جملہ نشانات میں سے انتہائی کم نشانات حاصل ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹمریز میں باصلاحیت امیدواروں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ٹمریز ڈائرکٹر بی شفیع اللہ کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اہل امیدواروں کے تقررات میں کوئی لاپرواہی نہیں کی جانی چاہئے۔ سید قیصر نے آر ایل سی عبدالبصیر، میناریٹی ویلفر آفس سپرنٹنڈنٹ سے ملاقات کرتے ہوئے لکچرار کی حیثیت سے باصلاحیت قابل امیدواروں کے تقررات پر زور دیا تاکہ طلباء کو بہترین تعلیمی صلاحیتوں سے مستفیض کیاجاسکے۔ سید قیصر نے کہا کہ دور حاضر میں مسلم اقلیتی طبقہ کے طلباء وطالبات تعلیم پر توجہ مرکوز کررہے ہیں۔
