ٹمریز کے 36 طلباء کو ایم بی بی ایس میں داخلہ

   

ایک طالب علم کو بی ڈی ایس میں نشست ، کارکردگی قابل ستائش
حیدرآباد۔یکم۔اکٹوبر۔(سیاست نیوز) ٹمریز میں تعلیم حاصل کرنے والے 36 طلبہ کو ایم بی بی ایس میں داخلہ حاصل ہوا ہے جبکہ 1 طالب علم کو بی ڈی ایس میں داخلہ حاصل ہونے کی اطلاع ہے۔ میڈیکل نشستوں کی کونسلنگ کے دوران تلنگانہ ریاستی اقلیتی اقامتی اسکول سوسائیٹی کی جانب سے چلائے جانے والے سنٹر آف ایکسلنس میں طویل مدتی تربیت حاصل کرنے والے 36 طلبہ کو ایم بی بی ایس میں مفت نشست حاصل ہوئی ہے اور ایک طالب علم نے بی ڈی ایس میں نشست حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ جناب بی شفیع اللہ آئی ایف ایس سیکریٹری ٹمریز کی نگرانی میں چلائے جانے والے سنٹر آف ایکسلنس جو کہ ہر ضلع میں قائم کئے جاچکے ہیں ان میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو ایم بی بی ایس میں مفت نشست حاصل ہونا خوش آئند بات ہے۔ان مراکز میں ٹمریز کی جانب سے NEET کے علاوہ IIT ‘CLAT‘ CAکی بھی تربیت فراہم کی جار ہی ہے اور تربیت کے دوران طلبہ کو رہائشی سہولتیں فراہم کرتے ہوئے انہیں بہترین فیکلٹی اور مٹیریئل کے ساتھ تربیت فراہم کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ جناب بی شفیع اللہ آئی ایف ایس نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولتوں سے استفادہ حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد میں بتدریج اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور ان سنٹر فار ایکسلنس میں داخلہ حاصل کرتے ہوئے طلبہ اعلیٰ معیاری تعلیم حاصل کرتے ہوئے اہلیتی امتحانات کے علاوہ مسابقتی امتحانات کی تربیت حاصل کرسکتے ہیں۔محترمہ صفیہ بیگم پرنسپل بارکس بوائز کالج و انچارج مرکز نے داخلہ حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی۔3