حیدرآباد ۔ 24 اپریل ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 26 اپریل کو الوال میں تلنگانہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینس کی تعمیر کیلئے بھومی پوجا میں شرکت کرینگے ۔ وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے وزیر لیبر ملا ریڈی اور سینئر عہدیداروں کے ساتھ آج اس مقام کا معائنہ کیا ۔ وزیر صحت نے مقامیعوامی نمائندوں سے بات چیت کی اور بھومی پوجا کی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹمس الوال کی تعمیر 900 کروڑ روپئے کے صرفہ سے کی جا رہی ہے اور اس سے علاقہ کے عوام کو بہت فائدہ ہوگا ۔ علاقہ کے عوام کو اب تک مقامی نگہداشت صحت کے مراکز پر اکتفاء کرنا پڑتا تھا تاہم اب ٹمس الوال کے قیام سے عوام کو سہولت ہوگی ۔ یہاں 1000 بستر دستیاب رہیں گے ۔