ٹمپل کامپلکس پر چیف منسٹر کے عکس،ٹی آر ایس حکومت پر تنقید

,

   

حیدرآباد /6 ستمبر ( پی ٹی آئی / سیاست نیوز ) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ اور ان کی حکومت کے بعض نمایاں پروگراموں اور ایک کار کی تصویریں یادگیری ٹمپل کامپلکس کے ستونوں پر کندہ کرائے جارہے ہیں ، جس پر سیاسی پارٹیوں کی طرف سے شدید تنقیدیں شروع ہو گئی ہیں ۔ تاہم جی کشن راؤ وائس چیرمین اور چیف ایگزیکیٹیو آفیسر یادگیری گٹہ ٹمپل ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے کہا کہ چیف منسٹر نے نہ کبھی اصرار کیا اور نہ کبھی ہدایت دی کہ ان کی تصویریں لگائی جائیں اور یہ مندر آرکیٹکٹ کا اختیار تمیزی رہا ہے کہ اپنی پسند کی تصویریں منتقب کریں ۔ یادگیر گٹہ کی مندر جو سری لکشمی نرسمہا کا مسکن ہے ، اور اس کے اطراف و اکناف کے علاقوں کی ریاستی حکومت کی جانب سے تزئین نو کی جارہی ہے اور اس کو ڈیولپ بھی کیا جارہا ہے ۔ بی جے پی ایم ایل اے راجہ سنگھ نے یادگیری میں لکشمی نرسمہا مندر میں چیف منسٹر کے سی آر اور ان کی پارٹی ٹی آر ایس کی علامتوں کو کندہ کرانے پر سخت اعتراض کیا ۔ انہوں نے سوشیل میڈیا پر ایک ویڈیو پیش کرتے ہوئے انتباہ دیا کہ اگر یہ تصویریں نکالی نہ گئی تو وہ اس مسئلہ پر شدید احتجاج کریں گے ۔