آئی سی سی کے ویڈیوکانفرنس اجلاس میں کئی امور پر غور،نئی حکمت عملی کا بھی امکان
دبئی ۔28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آسٹریلیا میں مقرر ورلڈ ٹی 20 کا معاملہ جون تک موخر کرتے ہوئے خطرے سے دوچار متعدد ٹسٹ سیریز کا حل ٹیکنیکل کمیٹی کے سپر د کردیا ہے۔ بورڈ اجلاس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ہوا جس میں تمام بورڈ کے ارکان نے شرکت کی۔آئی سی سی چیف مانو سواہنی کے مطابق کورونا کی وجہ سے ہونے والی دنیا بھر کی معطل صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور ساتھ ہی کرکٹ پر پڑنے والے اثرات و مستقبل کے حوالے سے غوروفکرگیا۔اجلاس میں اکتوبر میں آسٹریلیا میں مقرر ورلڈ ٹی 20، ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ اور دنیا بھر میں مقرر کرکٹ مستقبل پر بحث کی گئی۔چیف ایگزیکٹو مانو سواہنی نے کہا کہ ہم حالات پر قریب سے نظر رکھے ہوئے ہیں اور اس کے مطابق فیصلے کرتے رہیں گے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ایونٹس کی ایک مقام سے دوسرے مقام منتقلی سمیت سیریز کی تاریخوں کی تبدیلی آسا ن عمل نہیں سب اسٹیک ہولڈرز سے رابطے رکھ کر فیصلے کئے جائیں گے۔انگلینڈ میں مقررہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹسٹ سیریز خطرے سے دوچار ہے۔ سیریز نہ ہوسکیں تو معاملہ آئی سی سی ٹیکنیکل کمیٹی کو روانہ کیا جائے گا ۔ پوائنٹس کی کیسے تقسیم ہوں گے وہ فیصلے کرے گی ۔ بورڈز کی اکثریت نے اتفاق کیا کہ اکتوبر کا ورلڈ ٹی 20 کپ ابھی دور ہے اس لئے اسے ا بھی کوئی خطرہ نہیں۔ جون سے معاملات بہتر ہوئے تو منصوبہ کے مطابق ایونٹ آسٹریلیا ہی میں ہوگا۔کورونا وائرس کی وجہ سے کرکٹ کی تمام سرگرمیوں کے ٹھپ پڑنے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کہا ہے کہ وہ ہنگامی منصوبہ پر کام کر رہی ہے ۔کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کھیل سرگرمیاں ٹھپ پڑی ہیں اور ایسے میں مستقبل کے پروگراموں پر بھی بحران کے بادل چھائے رہنے کا خدشہ ہے ۔ آئی سی سی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اجلاس کی جس میں ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر سورو گنگولی بھی شامل ہوئے ۔آئی سی سی نے کہا کہ اس نے تمام ممالک کے بورڈ سے کورونا وائرس کے پڑنے والے اثرات کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے فی الحال عالمی ٹسٹ چمپئن شپ اور مئی میں ہونے والی عالمی کپ ونڈے سوپر لیگ ٹورنمنٹ بھی متاثر ہوا ہے ۔