ٹوئٹر نوکری کے متلاشی افراد کیلئے نیا فیچر متعارف کرانے کیلئے تیار

   

نیویارک : ایلون مسک کے زیر ملکیت کمپنی اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نوکری کے متلاشی افراد کیلئے ایک زبردست فیچر متعارف کروانے جارہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ٹوئٹر کی جانب سے ایک ایسا نیا فیچر متعارف کروانے کی تیاری کی جارہی ہے جس کی مدد سے ویریفائیڈ کمپنیاں ملازمت کیلئے آسامیاں پوسٹ کرسیکں گی اور پھر نوکری کے متلاشی افراد اپنی قابلیت کے حساب سے نوکری کے لیے اپلائی کرسکیں گے۔ ٹوئٹر کا یہ نیا فیچر سوشل میڈیا ویب سائٹ لنکڈاِن کی طرح کام کرے گا جس کی مدد سے کمپنیاں ملازمت کا اشتہار پوسٹ کریں گی اور نوکری کے متلاشی افراد ملازمت حاصل کرنے کے لیے کمپنیوں سے رابطہ کر سکیں گے۔ رپورٹس کے مطابق نوکری کے اشتہار کمپنی کے ویریفائیڈ اکاؤنٹ کے بائیو میں موجود ہوں گے جس پر کلک کرکے امیدوار کمپنی کی ویب سائٹ پر پہنچ جائیں گے اور اس ملازمت کے بارے میں مزید معلومات اور اس کے لیے اپلائی کرسکیں گے۔ ٹوئٹر کی جانب سے اس فیچر کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا تاہم رپورٹس یہ ہیں کہ یہ فیچر کچھ ویریفائیڈ اکاؤنٹس کیلئے لانچ کردیا گیا ہے۔کمپنی نے Twitter Hiring کے نام سے ٹوئٹر پر ایک آفیشل اکاؤنٹ بھی بنادیا ہے لیکن اس پر اب تک کچھ پوسٹ نہیں کیا گیا۔ نیما اوجی نامی ایپ ریسرچر نے ٹوئٹر پر اس نئے فیچر کے بارے میں کچھ معلومات شیئر کی ہیں جس میں انہوں نے بتایا ہیکہ ویریفائیڈ کمپنیاں اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر نوکریوں کی 5 آسامیاں پوسٹ کرسکیں گی۔
کوئی بھی صارف کمپنی کی پروفائل پر جاکر نوکری کا اشتہار دیکھ اور اپلائی کرسکے گا جبکہ یہ فیچر وریریفائیڈ کمپنیوں کے لیے مفت ہوگا۔ واضح رہے کہ ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک نے اکتوبر 2022 میں ٹوئٹر کو خریدا تھا۔