سان فرانسسکو۔ 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ کی تشہیری ٹیم کی جانب سے گزشتہ ہفتے پولیس کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے سیاہ فام امریکی شخص جارج فلائیڈ کو خراج تحسین پیش کرنے کی شیئر کی گئی ویڈیو کو کاپی رائٹس کی وجہ سے ہٹادیا۔ڈونالڈٹرمپ کے آفیشل تشہیری ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی 4 منٹ سے کم دورانیے کی ویڈیو میں پولیس کے ہاتھوں ہلاک کیے جانے والے سیاہ فام امریکی جارج فلائیڈ کو خراج تحسین پیش کیا گیا تھا۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ کے عہدیدار نے ڈونالڈٹرمپ کی تشہیری ٹیم کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو کو ہٹانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ویڈیو کو کاپی رائٹس کی شکایت کے بعد ہٹایا گیا۔