واشنگٹن ۔ 29 مئی(سیاست ڈاٹ کام) صدر ٹرمپ نے ٹوئٹر سے ناراض ہونے کے صرف دو روز بعد سوشل میڈیا اداروں کو حاصل قانونی تحفظ کے خاتمے کے حکم نامے پر دستخط کر دیے۔ ٹوئٹر نے اسی ہفتے ٹرمپ کی ٹویٹس کا ’فیکٹ چیک‘ کیا تھا، جن میں غیر مصدقہ حقائق پائے گئے تھے۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جس صدارتی حکم نامے پر دستخط کیے ہیں، وہ اس ملکی قانون کو ختم یا تبدیل کر دے گا، جس کے تحت سوشل میڈیا اداروں کو اپنے خلاف قانونی کارروائی سے تحفظ حاصل ہے۔ اس قانون کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کسی بھی تیسرے فریق (عام صارف) کی طرف سے پوسٹ کردہ کسی بھی مواد کے لیے ان کمپنیوں کو جواب دہ نہیں بنایا جا سکتا۔اس حکم نامے کے بعد سوشل میڈیا اداروں کو آئندہ اپنے خلاف قانونی کارروائی سے تحفظ حاصل نہیں رہے گا۔