حکومت کی او ٹی ٹی گائیڈ لائینس پر سوشیل میڈیا اداروں کی ہنوز خاموشی
حیدرآباد۔سوشل میڈیا پلیٹ فارمس ٹوئیٹر ‘ انسٹاگرام اور فیس بک 26 مئی سے ہندستان میں بند ہوجائیں گے! حکومت کی او ٹی ٹی گائیڈلائنس کی مہلت 26مئی کو ختم ہونے جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ سوشل میڈیا کمپنیوں کو جو ہدایا ت اور رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے تھے ان پر عدم عمل آوری سے ان کمپنیوں کو اپنے پلیٹ فارمس بند کرنے پڑسکتے ہیں۔ مرکزی محکمہ انفارمیشن بیورو اور انفارمیشن ٹکنالوجی او ٹی ٹی کیلئے جو رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں ان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمس سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی کمپنیوں میں شکایات کے ازالہ کیلئے عہدیدارکو متعین کرے جو کہ کسی بھی طرح کے مواد کی شکایات یا رپورٹ کئے جانے پر اندرون 24گھنٹے ان کا ازالہ کرسکے۔ ان رہنمایانہ خطوط کو آزادی اظہار خیال پر کاری ضرب قرار دیا گیا تھا اور ان پر عمل آوری کا کمپنیوں کی جانب سے جائزہ لینے کے بعد اس پراب تک کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے اسی لئے یہ خدشات ظاہر کئے جا رہے ہیں کہ ہندستان میں ٹوئیٹر ‘ انسٹاگرام اور فیس بک پر پابندی عائد ہوجائے گی اور26مئی سے سماجی رابطہ کے یہ پلیٹ فارم جو کہ رائے عامہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کررہے تھے وہ بند کردیئے جائیں گے۔حکومت کی مدت کے اختتام تک بھی ان کمپنیوں کی جانب سے کوئی جواب نہ دیئے جانے اور گذشتہ شب ٹوئیٹر کے دفتر پر دہلی پولیس کے دھاوے کے بعدسوشل میڈیا پر اوٹی ٹی کے لئے جاری کئے گئے رہنمایانہ خطوط کا جائزہ لے کر اسے تنقید کا نشانہ بنایا جانے لگا ہے اور اظہار خیال کی آزادی کے حامی ہندستانی شہریوں کی جانب سے ٹوئیٹر کے دفتر پر دھاوے کی مذمت کرتے ہوئے ملک کے دستور میں فراہم کئے گئے حقوق کو سلب کرنے کی کوشش قرار دی جا رہی ہے۔