ٹوئیٹر پر وزیر اعظم کے خلاف تصاویر ‘ مقدمہ درج

   

حیدرآباد۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے خلاف ٹوئٹر پر اہانت آمیز تصاویر اور مواد اپ لوڈ کرنے پر سی سی ایس پولیس نے سماجی کارکن سید عبدہو کشف کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعیدآباد کے وکیل ونود گوڑ نے سعید آباد پولیس میں شکایت درج کروائی اور الزام عائد کیا کہ ٹوئٹر ہینڈل
@syedkashaf95
کے ذریعہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے خلاف اہانت آمیز تصاویر اور مواد اَپ لوڈ کیا۔ وکیل نے الزام عائد کیا کہ ٹوئٹر پر مذکورہ پوسٹ کے نتیجہ میں ان کی دل آزاری ہوئی ہے ۔ اس سلسلہ میں سعیدآباد پولیس نے مقدمہ درج کرکے کیس فائیل کو سی سی ایس کے حوالے کیا تھا۔20 جولائی کو سی سی ایس نے دفعہ 153،504 اور 505(2) کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ واضح رہے کہ جاریہ سال 5 جنوری کو ملین مارچ کے سلسلہ میں مواد ٹوئٹر پر اَپ لوڈ کرنے پر سائبر کرائم نے مقدمہ درج کیا تھا اور اس کیس میں کشف ہائی کورٹ سے رجوع ہوا تھا۔ کشف سابق میں مجلس کا سوشیل میڈیا انچارج تھا لیکن رکن اسمبلی سے تنازعہ پر ہٹا دیا گیا تھا ۔