ٹورازم بھون میں آتشزدگی ، ایڈمن شعبہ ، فائیلیں ، کمپیوٹرس جل کر خاکستر

   

واقعہ پر شبہات اعلیٰ سطحی تحقیقات کروانے سی پی آئی کا مطالبہ
حیدرآباد : یکم / ڈسمبر (سیاست نیوز) حمایت نگر کے علاقہ میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں سنسنی پیدا ہوگئی ۔ ٹورازم بھون میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ کے بعد علاقہ میں بے چینی پیدا ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس واقعہ سے عمارت میں موجود ایڈمن شعبہ تباہ ہوگیا ۔ اور اہم فائیلوں کے علاوہ کمپیوٹرس سسٹم اور فرنیچر آگ کی زد میں آکر تباہ ہوگئے ۔ تاہم اس واقعہ پر شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا نے اس واقعہ کو ایک سازش کا حصہ قرار دیتے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ ٹورازم بھون سے قریب واقع سی پی آئی کا ہیڈکوارٹرس مخدوم بھون سے سی پی آئی قائدین فوری مقام حادثہ پہنچے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹورازم بھون میں آج صبح کی اولین اوقات تقریباً 4 بجے صبح آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ۔ اور سیکوریٹی عملہ نے فوری چوکسی اختیار کرتے ہوئے آتش فرو عملہ کو اطلاع دی اور فائر بریگیڈ گاڑیوں نے راحت کاری اقدام کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا ۔ تاہم اس وقت تک عمارت کا ایڈمن بلاک تباہ ہوگیا اور پارکنگ میں موجود دو گاڑیاں بھی آگ کی لپیٹ میں آگئیں ۔ اسی دوران سی پی آئی ایم کے قائد نارائنا نے میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے اس واقعہ پر شبہات کا اظہار کیا اور ٹی آرایس حکومت پر الزام لگایا کہ حکومت کی بدعنوانیوں کو چھپانے اور ثبوت کو مٹانے کی خاطر جان بوجھ کر آگ لگائی گئی جبکہ محکمہ کا کہنا ہے کہ آگ شاک سرکٹ کے سبب ہوئی ۔ ایڈمن بلاک عمارت کی پہلی منزل پر واقع ہے ۔ نارائنا کا کہنا ہے کہ ایک ہفتہ قبل ہی محکمہ ٹورازم کے ایم ڈی کو ہٹایا گیا اور اس بلاک میں کروڑہا روپئے کے ریکارڈز کو تباہ کردیا گیا ۔ تاکہ بدعنوانیوں کا کوئی ثبوت باقی نہ رہے ۔ سی پی آئی قائد نے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ اس سازش کو بے نقاب کرنے کیلئے سی پی آئی کی جانب سے پرزور مطالبہ کیا گیا ۔