ٹولی چوکی فلائی اوور کی تزئین نو کا منصوبہ

   

خیریت آباد کنکشن کے ماڈل پر فروغ دیا جائے گا : کمشنر مشرف علی فاروقی

حیدرآباد ۔ 23 فبروری (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے خیریت آباد جنکشن کو خوبصورت بنانے، برقی قمقموں سے روشن کرنے، باغبانی اور راہگیروں کی سہولت کیلئے مختلف اقدامات کے بعد ٹولی چوکی فلائی اوور کو مزید بہتر اور خوبصورت بنانے پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ خاص طور پر فلائی اوور کے نیچے مٹی سے آئے ہوئے علاقہ کو سرسبز و شاداب بنانے کے علاوہ فٹ پاتھ کو بہتر بنایا جائے گا اور فرش کو بہتر بناتے ہوئے اسٹریٹ فرنیچر اور ونڈنگ زون میں تبدیل کیا جائے گا۔ ٹولی چوکی شہر کے بھاری ٹریفک زون میں شامل ہے جہاں خاص طور پر پیدل چلنے والوں کو سڑک عبور کرنے میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ علاقہ میں غیر صحتمند ماحول سے متعلق کئی شکایتیں وصول ہوچکی ہیں کیونکہ یومیہ مزدوری پر کام کرنے والے لیبرس فلائی اوور کے نیچے کے علاقہ کو اپنا مقام بنا چکے ہیں۔ جی ایچ ایم سی خیریت آباد کے کمشنر مشرف علی فاروقی نے بتایا کہ اس وقت سارا علاقہ غیرمنظمہے اور اس کو بہتر بنانے اور مزید سہولتیں فراہم کرنے کا منصوبہ ہے خاص طور پر راہگیروں کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔ سارے فرش کو ٹائیلس کی تبدیلی کے ساتھ بہتر بنایا جائے گا۔ راہگیروں کی سیفٹی کیلئے ریلنگ لگائی جائے گی جبکہ مؤثر لائٹنگ کا بھی انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ فلائی اوور کے نیچے کچھ کھوکھے لگائے گئے ہیں جن کو ونڈنگ زون میں تبدیل کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں اسٹریٹ فرنیچر عوام کیلئے لگایا جائے گا۔ فلائی اوور کو خوبصورت رنگین پنٹنگس اور آؤٹ ورک سے سجایا جائے گا۔ فلائی اور پر آرکیٹکچرل لائٹنگ بھی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تمام کام مرحلہ وار کئے جائیں گے۔ پہلے مرحلہ میں ان تمام دیواروں کو رنگ کیا جائے گا جن کو بدرنگ اور بدصورت کردیا گیا ہے اور فرش کو بہتر کیا جائے گا۔ ساتھ ہی دونوں جانب ریلنگ کی تنصیب عمکل میں لائی جائے گی اور ان تمام کاموں کو 25 لاکھ روپئے کے مصارف سے تکمیل کیا جائے گا۔