احتجاجی مظاہرہ اور آبائی ریاستوں کو واپس جانے کے انتظامات کرنے کا حکومت سے مطالبہ‘ لاک ڈاون سے دشواریوں کی شکایت
حیدرآباد۔/3 مئی، ( سیاست نیوز) شہر کے علاقہ ٹولی چوکی میں غیر مقامی مزدور اچانک ہجوم کی شکل میں جمع ہوگئے اور انہیں اُن کے آبائی مقامات کو فوری روانہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ اتوار کی صبح کے اوقات میں تقریباً 1000 سے زائد مائیگرنٹ ورکرس شیخ پیٹ اور اس کے اطراف و اکناف علاقوں سے جمع ہوگئے اور ٹولی چوکی چوراہا پہنچ گئے۔ جتھوں کی شکل میں یہ مزدور کثیر تعداد میں ٹولی چوکی کی سمت روانہ ہونے کی اطلاع پر پولیس بھی پریشان ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ مائیگرنٹ ورکرس زیر تعمیر عمارتوں میں کام کرنے کیلئے ملک کے مختلف مقامات سے شہر پہنچے تھے اور انہیں مختلف بلڈرس نے شیخ پیٹ و اطراف کے علاقوں میں کام پر رکھا تھا لیکن ایک ماہ سے زیادہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے تعمیراتی سرگرمیاں مکمل ٹھپ ہوچکی ہیں اور انہیں روزگار فراہم نہیں ہورہا ہے۔ مزدوروں نے ٹولی چوکی کی سمت ہجوم کی شکل میں پہنچ کر وہاں جمع ہوگئے جبکہ پولیس عہدیداروں نے انہیں ان کے علاقوں میں روکنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے۔ مزدوروں کی تعداد اتنی زیادہ تھی کہ ٹولی چوکی کے مقامی عوام بھی اچانک حیرت میں پڑ گئی اور مزدوروں کے اچانک جمع ہونے اور ان کے احتجاج کے ویڈیوز بھی سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئے۔
اس بات کی اطلاع ملنے پر گولکنڈہ پولیس کی ٹیموں کے علاوہ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون اے آر سرینواس بھی وہاں پہنچ گئے اور حالات کا جائزہ لیا۔ تقریباً دو گھنٹوں تک مزدور ٹولی چوکی چوراہے پر جمع رہے لیکن پولیس نے منتشر کرنے کیلئے طاقت کا استعمال نہیں بلکہ ڈی سی پی نے ان سے تبادلہ خیال کیا۔ کئی مائیگرنٹ ورکرس نے ڈی سی پی سرینواس کو بتایا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہ بے روزگار ہوگئے ہیں اور اپنے آبائی مقامات کو روانہ ہونا چاہتے ہیں۔مزدوروں نے پولیس عہدیداروں سے مطالبہ کیا کہ انہیں فوری منتقل کرنے کے اقدامات کئے جائیں جس کے نتیجہ میں ڈی سی پی نے کہا کہ مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے وقفہ وقفہ سے ملک کے تمام مائیگرنٹ ورکرس کو ان کے آبائی مقامات کو منتقل کرنے کیلئے ٹرینوں کا انتظام کیا جارہا ہے اور انہیں چند دنوں کیلئے صبر کرنے کی اپیل کی۔ پولیس کی جانب سے کونسلنگ کئے جانے کے نتیجہ میں غیر مقامی مزدور وہاں سے منتشر ہوگئے۔ پولیس عہدیداروں نے ٹولی چوکی چوراہا پر جمع ہونے والے مزدوروں کی تمام تفصیلات بشمول نام اور ان کے موبائیل نمبرس حاصل کرلئے اور انہیں فوری ان کے آبائی مقامات کو بھیجنے کا تیقن دیا۔
ریاست بھی میں پھنسے ہوئے افراد کے لئے ای پاس متعارف
حیدرآباد۔ 3؍ مئی ( این ایس ایس ) تلنگانہ پولیس ان تمام افراد کے لئے ای پاس متعارف کر رہی ہے جو لاک ڈاون کے سبب اپنے متعلقہ مقامات کو واپس نہیں ہوسکیں ہیں ۔ اس طریقہ کار سے ان طلبہ ‘ مائیگرینٹ ورکرس ‘ یاتریوں اور سیاحوں اور دیگر افراد کو سہولت ہوگی جو اس ریاست میں پھنسے ہوئے ہیں ۔ ایسے افراد
www.tsp.coopid.ai/epass
سے اپنے ای پاس حاصل کرسکتے ہیں ۔ ریاستی ڈی جی پی مہندر ریڈی نے کہا کہ یومیہ ایک خاندان ارکان کو ایک پاس جاری کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ درخواستوں کے افراد کے نام ای میل ائی ڈیز ‘ فون نمبرس اور اپنے مقام کے نام دینا ہوگا ۔ پولیس ان تفصیلات کی توثیق کے بعد پاس جاری کرے گی ۔ اس دوران چیف سکریٹری سومیش کمار نے کہا کہ مہاجر مزدروں اور محنت کشوں کی اسکریننگ کے بعد واپسی ہوگی ۔ انہیں متعلقہ مقامات واپس بھیجنے سے قبل تفصیلی معائنہ کئے جائیں گے ۔